’’را‘‘ نے غیر مسلموں کی عبادت گاہوں پر حملہ کرانے کامنصوبہ بنالیا

عمران خان
ملک دشمن عناصر کو پاکستان میں امن اور انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ایک آنکھ نہیں بھا رہی۔ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ نے علیحدگی پسند تنظیموں اور دہشت گرد عناصر کے ذریعے کراچی میں غیر مسلموں کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کی مذموم سازش تیار کی ہے۔ سیکورٹی اداروں نے انٹیلی جنس رپورٹس کی روشنی میں کراچی کے ایک ہزار سے زائد چھوٹے بڑے گرجا گھروں اور مندروں کی سیکورٹی انتہائی سخت کر دی ہے۔ سب سے زیادہ گرجا گھر ضلع ایسٹ کے علاقوں میں ہیں۔ جنہیں انتہائی حساس قرار دے کر سیکورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ سیکورٹی پلان میں متعلقہ تھانوں اور رینجرز کے علاوہ سادہ لباس اہلکاروں کو اہم کردار دیا گیا ہے۔
گزشتہ روز (اتوار کو) اچانک شہر کے تمام علاقوں میں قائم گرجا گھروں کی سیکورٹی بڑھا دی گئی۔ جس کیلئے آئی جی سندھ کلیم امام اور ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر احمد شیخ کی جانب سے پانچوں اضلاع کے ڈی آئی جیز کو خصوصی احکامات جاری کئے گئے۔ ’’امت‘‘ کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ضلع کورنگی اور ملیر میں موجود مسیحیوں کی عبادت گاہوں کی سیکورٹی سخت کرنے کی ہدایت کی گئی۔ جس کے بعد بھاری نفری علاقوں کے گرجا گھروں میں تعینات کردی گئی۔ ضلع میں موجود تمام گرجاگھروں پر پولیس کی نفری بڑھا دی گئی اور دیگر اقدامات میںگرجا گھروں کے اطراف پولیس پیٹرولنگ بڑھانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ضلع کے تمام ایس ایچ اوز کو مسیحیوں کی عبادت گاہوں اور مسیحی آبادی والے علاقوں میں فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کیلئے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو طلب کرکے ایک میٹنگ کی گئی، جس میں انہیں سکیورٹی پلان فراہم کیا گیا۔ تھانیداروں کو گرجا گھروں کے اطراف کی گزرگاہوں پر اسنیپ چیکنگ اور کسی بھی مشکوک نقل و حرکت پر فوری ریسپونڈ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ’’امت‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹس کے مطابق شہر میں گرجا گھروں کیلئے دہشت گردی کے خطرات کی موجودگی کا انکشاف کیا گیا ہے۔ مسیحی اور ہندو برادری کی عبادت گاہوں کے لئے ملنے والے اس سیکورٹی تھریٹ کی روشنی میں خصوصی حفاظتی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملک دشمن عناصر کی جانب سے ملک میں بدامنی پھیلانے کی مذموم کوششوں کی اطلاعات پر سیکورٹی ادارے ہائی الرٹ ہیں اور ہر ممکن اقدامات پر عمل در آمد شروع کردیا گیا ہے۔
اس ضمن میں پولیس کے ایک سینئر افسر نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ پاکستان میں عرصہ دراز کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی پاکستان سپر لیگ کے میچوں کی صورت میں واپسی اور امن کی صورتحال ملک دشمن عناصر کو ہضم نہیں ہو رہی ہے۔ خاص طور پر بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی جانب سے پوری کوشش کی جا رہی ہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ٹارگٹ تلاش کر کے اس کو نشانہ بنایا جائے، تاکہ پوری دنیا میں پیغام دیا جاسکے کہ پاکستان محفوظ ملک نہیں ہے۔ اس کے لئے ترجیحی بنیادوں پر غیر مسلموں کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کیلئے سازش تیار کی گئی ہے۔ کیونکہ اس قسم کے حملوں سے پوری دنیا میں تیزی سے یہ پیغام دیا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں غیر مسلم محفوظ نہیں اور اس سے غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان میں آنے سے بھی روکا جاسکتا ہے۔ جبکہ فوری طور پر پاکستان سپر لیگ کے میچ بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ پولیس افسر کے بقول یہ خطرات جنگی محاذ پر بھارت کی ناکامی اور پھر سفارتی محاذ پر شکست کے بعد مزید بڑھ گئے ہیں۔ کیونکہ ایسی اطلاعات ہیں کہ بھارتی خفیہ ایجنسی نے بلوچستان اور سندھ کی بعض کالعدم علیحدگی پسند تنظیموں کے علاوہ دہشت گرد گروپوں کے عہدیداروں سے بیرون ملک خصوصی ملاقاتیں کی ہیں۔ جن میں انہیں کراچی میں ٹارگٹ تلاش کرکے انہیں نشانہ بنانے کیلئے خصوصی ٹاسک بھی دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں علیحدگی پسند کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔ کیونکہ ملک دشمن عناصر کا خیال ہے کہ اس وقت کراچی میں سیکورٹی اداروں کی تمام تر توجہ پی ایس ایل کے میچوں کی سیکورٹی پر مرکوز ہے۔ اس لئے وہ ایسی صورتحال میں فائدہ ٹھاسکتے ہیں۔ تاہم انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے ملک دشمن عناصر کے ان اداروں کی بروقت اطلاع سیکورٹی اداروں تک پہنچا دی گئی ہے، جس کے بعد پورے شہر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے ۔
اسی سلسلے میں اتوار کے روز ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے سیکورٹی انتظامات کا اچانک جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کریم کھرل اور ڈی آئی جی ویسٹ امین یوسف زئی بھی ایڈیشنل آئی جی کے ہمراہ تھے۔ جبکہ ایس ایس پی پیر محمد شاہ، طارق دھاریجو اور ایس پی سہائے عزیز نے سی سی پی او کو ہوٹلوں اور سیکورٹی کیمپس کا دورہ کرایا۔ ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر شیخ نے ریڈ زون میں پی ایس ایل کے کھلاڑیوں اور مہمانوں کیلئے سیکورٹی اقدامات کا جائزہ لیا۔ ہوٹلوں اور کیمپس میں موجود سیکورٹی انچارجز سے سوالات کیے اور مختلف ہدایات جاری کیں۔ کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر احمد شیخ پولیس افسران کے ہمراہ ہوٹل موو اینڈ پک، پرل کانٹی نینٹل اور میریٹ گئے۔ انہوں نے موجودہ حالات کے پیش نظر ضلع ساؤتھ کے ہوٹلوں کے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ پولیس افسران کو پی ایس ایل کے انعقاد کے موقع پر سیکورٹی فول پروف بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اس ضمن میں ایس ایس پی انوسٹی گیشن سائوتھ طارق دھاریجو نے ’’امت‘‘ سے خصوصی بات چیت میں بتایا کہ ضلع ایسٹ اور سائوتھ میں سب سے زیادہ گرجا گھر موجود ہیں۔ ان میں زیادہ تر محمود آباد، اعظم بستی، قیوم آباد، کورنگی اور اولڈ سٹی ایریا کے علاقے شامل ہیں۔ جبکہ شہر کے مرکزی گرجا گھر اور ہائوس آف بشپ بھی سائوتھ میں ہی موجود ہیں۔ اس لئے ان علاقوں میں سیکورٹی اقدامات کے لئے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہوٹلوں اور گیسٹ ہائوسز میں انہوں نے خصوصی وزٹ کئے ہیں، تاکہ یہاں پر ٹھہرنے والے افراد کے کوائف ’’ہوٹل آئی‘‘ کے خصوصی سافٹ ویئر کے ذریعے پولیس کے آن لائن سسٹم میں فیڈنگ کرنے کے عمل کا جائزہ لیا جاسکے اور ممکن بنایا جاسکے کہ تمام ہوٹلوں اور گیسٹ ہائوسز میں عارضی قیام پذیر افراد کا ڈیٹا ہوٹل اور گیسٹ ہائوسز کی انتظامیہ بروقت پولیس کو فراہم کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ غیر ملکی افراد کی رہائش گاہوں پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ایک سینئر افسر کا کہنا تھا کہ بعض علاقوں سے پولیس کے حوالے سے کچھ ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ گرجا گھروں پر تعینات کئے گئے پولیس اہلکار پوری ڈیوٹیاں نہیں کر رہے، جس پر سخت ایکشن لیا گیا۔ ان افسر کے بقول ایسے اہلکاروں کے حوالے سے رینجرز کی جانب سے ملنے والی رپورٹس پر بھی ایکشن لیا گیا ہے۔
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment