عقیدئہ ختم نبوت کے محافظ

حضرت حبیب بن زید انصاریؓ کو آنحضرتؐ نے یمامہ کے قبیلہ بنوحنیفہ کے مسیلمہ کذاب کے پاس بھیجا، مسیلمہ کذاب نے حضرت حبیب بن زید انصاریؓ کو کہا کیا: تم گواہی دیتے ہو کہ محمدؐ خدا کے رسول ہیں؟ حضرت حبیبؓ نے فرمایا کہ ہاں۔ مسیلمہ نے کہا کیا تم اس بات کی گواہی دیتے ہو کہ میں (مسیلمہ) بھی خدا کا رسول ہوں؟
حضرت حبیبؓ نے فرمایا کہ میں بہرا ہوں، تیری یہ بات نہیں سن سکتا۔
مسیلمہ بار بار سوال کرتا رہا۔ وہ یہی جواب دیتے رہے۔
مسیلمہ آپؓ کا ایک ایک عضو کاٹتا رہا، حتیٰ کہ حبیب بن زیدؓ کے جسم کے ٹکڑے ٹکڑے کر کہ ان کو شہید کر دیا گیا۔
اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ حضرات صحابہ کرامؓ مسئلہ ختم نبوت کی اہمیت وعظمت سے کس طرح والہانہ تعلق رکھتے تھے۔ اب ایک تابعی کا ایک واقعہ ملاحظہ ہو۔
حضرت ابو مسلم خولانیؒ امت محمدیہ کے وہ جلیل القدر بزرگ ہیں، جن کے لئے خدا نے آگ کو اس طرح بے اثر فرما دیا، جیسے حضرت ابراہیم علیہ السلام کے لئے آتش نمرود کو گلزار بنا دیا تھا۔ یہ یمن میں پیدا ہوئے تھے اور سرکار دو عالمؐ کے عہد مبارک میں ہی اسلام لے آئے تھے، لیکن سرکار دو عالمؐ کی خدمت میں حاضری کا موقع نہیں ملا تھا۔
آنحضرتؐ کی حیات طیبہ کے آخری دور میں یمن میں نبوت کے جھوٹا دعویدار اسود عنسی پیدا ہوا، جو لوگوں کو اپنی جھوٹی نبوت پر ایمان لانے پر مجبور کیا کرتا تھا۔
اسی دوران اس نے حضرت ابو مسلم خولانیؓ کو پیغام بھیج کر اپنے پاس بلایا اور اپنی نبوت پر ایمان لانے کی دعوت دی … حضرت ابو مسلمؒ نے انکار کیا، پھر اس نے پوچھا کیا تم محمدؐ کی رسالت پر ایمان رکھتے ہو؟
حضرت ابو مسلمؒ نے فرمایا: ہاں۔ اس پر اسود عنسی نے آگ دھکائی اور ابو مسلم کو اس خوفناک آگ میں ڈال دیا، لیکن رب تعالیٰ نے ان کے لئے آگ کو بے اثر کر دیا اور وہ اس سے صحیح سلامت نکل آئے۔ یہ واقعہ اتنا عجیب تھا کہ اسود عنسی اور اس کے رفقاء پر ہیبت سی طاری ہو گئی۔ اسود کے ساتھیوں نے اسے مشورہ دیا کہ ان کو جلا وطن کر دو۔ ورنہ خطرہ ہے کہ ان کی وجہ سے تمہارے پیرووں کے ’’ایمان‘‘ میں تزلزل آجائے گا۔ چنانچہ انہیں یمن سے جلا وطن کر دیا گیا۔
یمن سے نکل کر آپؒ مدینہ منورہ تشریف لے آئے۔ حضرت ابو بکر صدیقؓ جب ان سے ملے تو فرمایا: شکر خدا تعالیٰ کا کہ اس نے مجھے موت سے پہلے امت محمدیہؐ کے اس شخص کی زیارت کرا دی، جس کے ساتھ رب تعالیٰ نے ابراہیم علیہ السلام جیسا معاملہ فرمایا۔
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment