ضیاء چترالی
مدینہ منورہ میں Scientific Meeting of Haj, Umrah and Visit Research کا اُنیسواں اجلاس جمعرات کے روز اختتام پذیر ہو گیا۔ اجلاس کے بعد سے سعودی عرب میں حج اور عمرے سے متعلق حکام کی جانب سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ’’اسمارٹ سٹی‘‘ کے اطلاق کے حوالے سے بھر پور ہدایات سامنے آ رہی ہیں۔ اس سلسلے میں ’’اسمارٹ سٹی‘‘ کے شعبے میں انفرا اسٹرکچر اور خدمات کے علاوہ خدا کے مہمانوں کی خدمت کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی مثلاً ’’مصنوعی ذہانت‘‘ اور اسمارٹ کیمپ کے میدان میں وسیع مفہوم متعارف کرایا جا رہا ہے۔
ام القری یونیورسٹی میں خادم حرمین شریفین انسٹی ٹیوٹ فار حج اینڈ عمرہ ریسرچ کے سیکریٹری ڈاکٹر مازن الشمرانی نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، مقامات مقدسہ اور حج و عمرہ اور دورے سے مربوط شہروں کو اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کے واسطے جدید ترین ٹیکنالوجی کی روشنی میں مطلوبہ ریسرچ، اسٹڈیز اور مشاورت کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اس حوالے سے خاص طور پر دونوں مقدس شہروں میں عالمی معیارات کے مطابق خدمات پیش کرنے کے لیے عالمی، یورپی اور خلیجی تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سائنٹفک میٹنگ میں پیش کی جانے والی سفارشات میں جبل ثور کے قدموں میں چٹانوں کو کاٹنے کا سلسلہ روکنے، وہاں غیر مستحکم چٹانوں کو ختم کرنے، مکہ مکرمہ اور مضافاتی مقامات مقدسہ کے پہاڑی علاقوں میں چٹانوں کے ڈھیر ہو جانے کے خطرات کو دور کرنے، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں شجرکاری اور سایہ دار رقبے کو بڑھانے اور مجمع کے مقامات پر خاص طور پر پانی کے چھڑکاؤ کے آلات کے استعمال میں اضافے پر زور دیا گیا ہے۔
خدمات کے معیار سے متعلق اہم ترین سفارشات میں باور کرایا گیا ہے کہ ایک یکجا مشترکہ برقی پلیٹ فارم قائم کیا جائے تاکہ خدا کے مہمانوں کو خدمات پیش کرنے والے متعلقہ اداروں کو مربوط کیا جائے۔ علاوہ ازیں میقات کے مقامات پر خدمات کو بہتر بنانے اور معذور افراد کے لیے خصوصی بیت الخلائوں کی تعداد میں اضافے کی بھی سفارشات سامنے آئی ہیں۔ حجاج کرام کی مشکل کو حل کرنے کے لیے بسوں کی نمبرنگ کی جائے اور معذور افراد کے آسانی کے ساتھ حرمین شریفین تک پہنچنے کے لیے ان کے واسطے خصوصی راستے فراہم کیے جائیں۔
دوسری جانب حج اور عمرہ کی غرض سے سعودی عرب جانے والے زائرین کے لئے خوشخبری یہ ہے کہ مملکت کی حج اور عمرہ سے متعلق وزارت، حجاج کرام اور معتمرین کے لئے الیکٹرانک ویزہ کے اجراء کے ایک منصوبے پر عمل کرنے والی ہے، جس کے نافذ العمل ہونے پر زائرین چند منٹوں میں ویزہ حاصل کر سکیں گے۔
حج اور عمرہ کے الیکٹرانک پلیٹ فارم کے عمومی نگران عبد الرحمان شمس نے انکشاف کیا ہے کہ مجوزہ ویب پورٹل کے ذریعے غیر سعودی حجاج اور معتمرین مختلف سروسز پیکیج منتخب کر کے آن لائن ویزے کی درخواست دے سکیں گے۔
مڈل ایسٹ براڈکاسٹنگ سینٹر ’’ایم بی سی‘‘ کو ایک انٹرویو میں عبد الرحمان شمس نے بتایا کہ فی الوقت مملکت سے باہر عمرہ اور حج کی خاطر سعودی عرب آنے والے حجاج اور معتمرین اپنے اپنے ملکوں میں حج اور عمرہ کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ذریعے سے ویزہ اور اپنی پسند کے پیکیج منتخب کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ الیکٹرانک ویزہ کی سہولت متعلقہ ملکوں میں حج اور عمرہ کے لئے رجسٹرڈ اداروں کو دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی وزارت سعودی عرب میں وزارت خارجہ اور داخلہ کے ساتھ مل کر ایسا طریقہ کار وضع کرنے میں مصروف ہے کہ جس کے تحت حجاج اپنا پاسپورٹ سفارت خانہ بھیجے بغیر ویزہ حاصل کر سکیں۔
عبد الرحمان شمس نے خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ اگر حجاج آن لائن پورٹل کے لئے درکار معلومات درست انداز میں فراہم کریں گے تو ان کے لئے چند ہی منٹوں میں ویزہ کا حصول ممکن ہو جائے گا۔
٭٭٭٭٭