مساجد پر حملے سے عالمی کرکٹ برادری بھی سوگوار

ندیم بلو چ
نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملے سے عالمی کرکٹ برادری بھی سوگ میں ڈوب گئی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کی اختتامی تقریب اب انتہائی سادگی سے منائی جائے گی۔ جبکہ پی ایس ایل میں شامل کرکٹرز سیاہ پٹیاں باندھیں گے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ میں کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی سیکورٹی کلیئرنس تک آئندہ کوئی بھی ایونٹ نیوزی لینڈ میں نہ کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس واقعے میں نیوزی لینڈ کے دورے پر آئی ہوئی بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم بھی بال بال بچ گئی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور دیگر عالمی کھلاڑیوں کی جانب سے حملے میں شہید ہونے والے نمازیوں کے اہل خانے کے ساتھ اظہار یکجہتی کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ وہ شہید نمازیوں کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عالمی میڈیا رپورٹس اور ’’امت‘‘ کو دستیاب اطلاعات کے مطابق کرائسٹ چرچ کی مساجد میں فائرنگ کے واقعے کے بعد نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کل کھیلا جانے والا سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کے علاقے ڈینز ایونیو کی النور مسجد میں حملہ آور نے اس وقت اندھا دھند فائرنگ کی، جب نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے نماز جمعہ کیلئے آنے والے کھلاڑی بھی مسجد کے قریب ہی تھے۔ فائرنگ کے واقعے میں بنگلہ دیشی کرکٹرز محفوظ رہے۔ جس کی تصدیق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی کی ہے۔ کیویز بورڈ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز نے باہمی رضا مندی سے ہیگلے اوول ٹیسٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہیگلے اوول ٹیسٹ کی منسوخی کے بعد بنگلہ دیش کا دورہ نیوزی لینڈ بھی ختم ہوگیا۔ جس کے بعد مہمان ٹیم نے واپسی کے انتظامات شروع کر دیئے ہیں۔ بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق کھلاڑی اس وقت کرائسٹ چرچ میں سخت پریشانی میں ہیں اور ان کی واپسی کے لئے سفری انتظامات ہنگامی بنیادوں پر کیے جا رہے ہیں۔ ادھر انٹرنینشنل کرکٹ کونسل نے نیوزی لینڈ میں کرکٹ سرگرمیاں روک دی ہیں۔ آئی سی سی ترجمان کے مطابق نیوزی لینڈ میں ہونے والے دہشت گرد حملوں پر گہرا افسوس ہے۔ عالمی کونسل اپنے کھلاڑیوں کی حفاظت پر کسی طور پر سمجھوتہ کرنے کیلئے تیار نہیں۔ جب تک نیوزی لینڈ کی حکومت سیکورٹی کلیئرنس نہیں دیتی، وہاں انٹرنیشنل میچز نہیں ہوں گے۔ دوسری جانب اس واقعے کے بعد پی ایس ایل کی سیکورٹی بھی ریڈ الرٹ کر دی گئی ہے۔ جبکہ ایونٹ کی اختتامی تقریب انتہائی سادگی سے منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ پی ایس ایل کے فائنل میچ میں کھلاڑی سیاہ پٹیاں باندھ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ دریں اثنا پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’میری سوچ اور دعائیں شہید نمازیوں اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں‘‘۔ سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں سرفراز احمد نے کہا کہ ’’مجموعی طور پر یہ انسانیت کے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔ یہ عبادت کی جگہ تھی، جس میں ناحق خون بہایا گیا۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم اس سانحے میں محفوظ رہی۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشفق الرحیم نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے کرائسٹ چرچ کی مسجد میں فائرنگ کے دوران انہیں محفوظ رکھا۔ وہ بہت خوش قسمت ہیں اور دوبارہ اس طرح کا واقعہ دیکھنا نہیں چاہتے۔ ایک اور خوش قسمت بنگلہ دیشی کرکٹر تمیم اقبال نے بھی ٹویٹ کیا ہے کہ ’’پوری ٹیم حملے میں محفوظ رہی۔ خوفناک تجربہ تھا۔ براہ مہربانی ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں‘‘۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہے۔ نفرتوں کو ختم کرتے ہوئے دنیا کو ایک ساتھ مل کر رہنا چاہیے۔ سابق پاکستان فاسٹ بالر شعیب اختر نے کا کہنا ہے کہ ’’کرائسٹ چرچ کی مسجد کے اندر فائرنگ کی ویڈیو دیکھ کر دھچکا لگا۔ کیا ہم عبادت گاہوں میں بھی محفوظ نہیں ہیں؟ دہشت گرد حملے کی مذمت کرتا ہوں۔ خوشی ہے کہ بنگلہ دیشی کرکٹرز محفوظ رہے‘‘۔ سابق سری لنکن کپتان کمارا سنگا کارا نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’’کرائسٹ چرچ میں فائرنگ کا سن کر دھچکا لگا۔ میری تمام ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں‘‘۔ سابق سری لنکن کرکٹر مہیلا جے وردھنے کہتے ہیں کہ ’’کرائسٹ چرچ میں جو کچھ ہوا، اس پر بہت افسوس ہے۔ میری دعائیں متاثرین اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں‘‘۔ پاکستان وومن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے اپنے ٹویٹر بیان میں کہا کہ ’’ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ اس طرح کے واقعات میں ملوث افراد کسی مذہب یا ملک کی نمائندگی نہیں کرتے۔ وہ صرف خوف پھیلاتے ہیں۔ جو تکلیف اور دکھ کا باعث بنتا ہے‘‘۔
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment