قیصر چوہان
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اہم ترین میچوں میں شکست کھانے کی اپنی روایت بدلنے کیلئے کمر کس لی ہے۔ اس ایونٹ میں تباہ کن پرفارمنس کے علاوہ شین واٹسن اور ڈوین براوو جیسے ٹاپ کلاس ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کی خدمات کے باوجود سرفراز الیون کو ’’چوکر‘‘ جیسے طعنوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس سے قبل بھی کوئٹہ اگلیڈی ایٹرز کی ٹیم دو مرتبہ پی ایس ایل فائنل ہار چکی ہے۔ جبکہ فائنل میں مدمقابل آنے والی پشاور زلمی بھی رواں ایونٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے دو مرتبہ شکست کھا چکی ہے۔ تاہم پشاور زلمی کے کپتان سیمی حریف کو بڑا سر پرائز دینے کیلئے تیار بیٹھے ہیں۔ اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شین واٹسن اور پشاور زلمی کے لیڈنگ وکٹ ٹیکر بالر حسن علی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ جہاں پی ایس ایل فائنل کا میچ ہائوس فل ہوگا ویہیں شہر قائد کی سٹرکیں بھی ویران پڑنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ فائنل معرکہ دیکھنے کیلئے جگہ جگہ جائنٹ اسکرینز آویزاں کردی گیئں ہیں۔ ادھر بکیز بھی پی ایس ایل فائنل میں بڑا مال کمانے کیلئے مورچہ بند ہوگئے ہیں۔ موبائل ایپس کے ذریعے پی ایس ایل میں جوا کا دھندا منظم انداز میں جاری ہے۔ اس بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فائنل کا فیورٹ قرار دیا گیا ہے۔ جبکہ اس کے بھائو 1.27 پیسہ رکھے گئے ہیں اور معمولی فرق کے ساتھ پشاور زلمی کا ریٹ 1.55 پیسہ مقرر کیا گیا۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس فائنل میچ میں سٹہ کا حجم صرف کراچی میں ہی ایک ارب روپے تک جا سکتا ہے۔ جوئے کا بیشتر پیسہ اسپاٹ اور فیسنی فکسنگ پر لگا یا جارہا ہے۔ واٹسن، کامران اکمل، عمراکمل، پولارڈ، احمد شہزاد کے ففٹیز پر ریٹ ہائی رکھے گئے ہیں۔ پولیس نے پاکستان سُپر لیگ کے آج کے فائنل میچ پر جوا کھیلنے والوں کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ جواریوں نے گرفتاری سے بچنے کیلئے تمام حفاظتی اقدامات اپناتے ہوئے خفیہ مقامات پرڈیرے ڈال لئے۔ پولیس کی جانب سے پی ایس ایل سیزن فور کا آغاز ہوتے ہی جواریوں کیخلاف کریک ڈائون شروع کر دیا گیا تھا اور اس دوران متعدد جواریوں کو جوئے پر لگی ہوئی رقم سمیت گرفتار بھی کیا گیا۔ پولیس حکام کی جانب سے تمام پولیس اسٹیشنز کو اپنی اپنی حدود میں چھاپوں کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ گزشتہ روز بھی اقبال ٹائون ڈویژن کی حدود میں پی ایس ایل میچ پر پرچی جوا کراتے ہوئے 6 ملزمان رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، ان کے قبضے سے 26 ہزار روپے، 6 موبال فونز، کیلکولیٹر اور لیپ ٹاپ برآمد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل فائنل پر کروڑوں روپے کا جواء کھیلے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق جوا کرانے والوں نے مختلف علاقوں میں گلی محلے کی سطح پر موجود اپنے کارندوں کے ذریعے میچ پر جوئے کی بکنگ کی منصوبہ بندی کی ہے۔دریں اثنا آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان پی ایس ایل کا فائنل پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے شروع ہوگا۔ جبکہ میچ سے قبل اختتامی تقریب میں فن کا مظاہرہ کیا جائے گا، جس میں نامور فنکار اور گلوکار اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔گزشتہ روز دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کے ہمراہ قائد اعظم کے مزار پر حاضری دی۔ ٹرافی تھامتے وقت سیمی کا سرفراز سے دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔ ڈیرن سیمی نے سرفراز کو کہا کہ ’’ابھی ٹرافی اٹھانے کا شوق پورا کرلو۔ کل ہم ہی اسے اپنے ساتھ لے جارہے ہیں‘‘۔ اس پرسرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ’’اس بار ایسا کچھ نہیں ہونے والا۔ خواب دیکھنے میں کوئی حرج نہیں‘‘۔ بعد ازاں سرفراز احمد نے فائنل میں اپنی ٹیم کے خطرناک عزائم کے حوالے سے پریس کانفرنس کے ذریعے اپنے پرستاروں کو آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے ایونٹ میں ہماری ٹیم اچھا کھیلی، تیسری مرتبہ فائنل کھیلنے جارہے ہیں اور اس بار کامیابی کیلئے پُر عزم ہیں۔ سرفراز احمد نے کہاکہ ٹاس میچ کے نتیجے پر اثر انداز ہوگا جبکہ 190 رنز اسکور کرنے والی ٹیم کو برتری حاصل ہوسکتی ہے۔ سرفراز احمدنے کہا کہ فائنل میچ میں شروع کے بیٹسمین اہم کردار ادا کریں گے، شین واٹسن میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور آج کے میچ میں شین واٹس اور عمر اکمل ہمارے مرکزی بیٹسمین ہوں گے، جبکہ احسان علی اور احمد شہزاد سے بھی امیدیں ہیں۔ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کی خامیوں اور خوبیوں سے آگاہ ہیں، بائونڈری چھوٹی ہونے سے رنز بنتے ہیں، پاکستان میں سپورٹنگ وکٹ ہیں، بائونڈری میں اضافہ کے بعد بالر اور بیٹسمین خوش ہیں۔ نئے ٹیلنٹ کو سامنے آنے کیلئے محنت کریں گے۔ دوسری جانب ڈیرن سیمی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ہم میدان میں جیت کے جذبے کے ساتھ اتر رہے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ ہمیں اس ایونٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں دو شکستیں ہوئیں، لیکن اس کا جواب ہم فائنل میں دیں گے۔ حسن علی ہمارے سب سے اہم ہتھیار ہیں، اگر انہوں نے پرفارم کیا تو پشاور زلمی کو کوئی بھی طاقت ٹائٹل جیتنے سے روک نہیں سکتی۔ واضح رہے کہ پشاور زلمی پی ایس ایل سیزن فور کے پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست رہی لیکن اسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے دو میچوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہ دوسرا موقع ہے یہ دونوں ٹیمیں فائنل میں مدمقابل آئی ہیں۔ اس سے قبل 2017 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو غیر ملکی کھلاڑیوں کے پاکستان نہ آنے کی وجہ سے پشاور زلمی سے فائنل میں بدترین شکست ہوئی تھی۔ اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 149 رنز کے تعاقب میں صرف 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ لیکن اس بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس شین واٹسن جوکہ اس ایونٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، کی خدمات حاصل ہیں۔ جبکہ دیگر ٹاپ کلاس پلیئرز میں ریلی رسائو اور ڈوین براوو موجود ہیں۔ اسی طرح احمد شہزاد اور عمر اکمل بھی مکمل فارم میں ہیں۔ جبکہ 19 سالہ نوجوان پیسر حسنین کی تیز رفتار گیندیں بھی حریف کیلئے خطرہ رہیں گی۔ دوسری جانب پشاور زلمی کے اسکواڈ کے اہم مہروں کا جائزہ لیا جائے تو فاسٹ بالر حسن علی اس ایونٹ میں سب سے زیادہ شکار کرچکے ہیں۔ ان کے ساتھ دیگر بالرز میں عمید، کیرن پولارڈ، کرس جورڈن اور وہاب ریاض شامل ہیں، جو کسی بھی ٹیم کی بساط پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ اسی طرح کامران اکمل کراچی میں اپنے بیٹنگ پاور شو سے سب کو حیران کرچکے ہیں۔ جبکہ امام الحق اور پولارڈ بھی تسلسل کے ساتھ اس ایونٹ میں پرفارم کررہے ہیں۔ جبکہ ڈیرن سیمی کسی بھی وقت اپنے چوکوں چھکوں سے میچ کا رخ بدلنے کے ماہر ہیں۔ اس سے قبل 2016 ایڈیشن میں دونوں ٹیمیں تین بار آمنے سامنے آئیں جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دو اور زلمی نے ایک میچ میں کامیابی حاصل کی۔ 2017 میں دونوں ٹمیں دو بار آمنے سامنے آئی۔ جس میں دونوں نے ایک ایک میچ میں کامیابی سمیٹی۔ اسی طرح 2018 میں دونوں ٹیموں میں تین مرتبہ مدمقابل ہوئی۔ جس میں دو میں زلمی سرخرو اور ایک میچ میں گلیڈی ایٹرز کو فتح ملی۔ آج کا فائنل دونوں کیلئے دلچسپ صورتحال اختیار کرگیا ہے۔ اگر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شکست کھا گئے تو پی ایس ایل فائنل میں ناکامیوں کی ہٹ ٹرک مکمل ہوجائے گی۔ جبکہ زلمی ہارے تو اس ایونٹ میں اس کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں ہٹ ٹرک شکست ہوجائے گی۔ ادھر پی ایس ایل فور کے فائنل کے موقع پرنیشنل اسٹیڈیم میں رنگا رنگ اختتامی تقریب ہوگی، فائنل میچ آٹھ بجے شب شروع ہوگا۔ فائنل سے قبل میوزیکل کنسرٹ ہوگا۔ کنسرٹ کیلئے اسٹیج کی تیاری کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ تقریب کیلئے 68 فٹ لمبا اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔ فائنل اور اختتامی تقریب میں اہم ترین شخصیات کی شرکت متوقع ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمرن خان اور چیف آف دی آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی آمد کا بھی امکان ہے۔
٭٭٭٭٭