بروز جمعہ بعض فرشتوں کے اعمال
(حدیث) حضرت ابن عباسؓ فرماتے ہیں کہ جناب رسول اقدسؐ نے ارشاد فرمایا:
(ترجمہ) جب جمعہ کا دن ہوتا ہے تو ہر جامع مسجد کیلئے فرشتوں کو ایک ایک جھنڈا دیدیا جاتا ہے، حضرت جبرائیل مسجد حرام میں تشریف لاتے ہیں اور ان کے ساتھ بہت سے فرشتے ہوتے ہیں اور ہر ایک فرشتے کے ساتھ ایک کتاب ہوتی ہے، ان کے چہرے چودھویں رات کے چاند جیسے ہوتے ہیں، ان کے پاس (مذکورہ کتاب کے) چاندی کے اوراق اور سونے کے قلم ہوتے ہیں۔ جو لوگوں کے اجر و ثواب کو ان کے مراتب کے اعتبار سے لکھتے ہیں، پس جو امام کے منبر پر آنے سے پہلے (مسجد میں) آگیا، اسے سابقین میں درج کرتے ہیں اور جو امام کے منبر پر بیٹھنے کے بعد آیا، اس کیلئے لکھا جاتا ہے کہ یہ خطبہ کے وقت شریک ہوا اور جو خطبہ کے بعد آیا، اسے لکھا جاتا ہے کہ یہ نماز جمعہ میں شریک ہوا، پھر جب امام سلام پھیر لیتا ہے تو ایک فرشتہ حاضری کا پتہ لگانے کیلئے قوم کے چہروں کو غور سے دیکھتا ہے تو اگر وہ کسی ایسے آدمی کو موجود نہیں پاتا، جو پہلے جمعہ میں شریک ہوتا تھا تو کہتا ہے ہم نہیں جانتے کہ وہ کیوں رہ گیا اور یہ دعا کرتا ہے کہ اے خدا اگر یہ مریض ہوگیا ہے تو اس کو شفاء عطاء فرما دے اور اگر یہ غائب ہے تو اس کی مجلس بہتر فرما دے اور اگر آپ نے اس کو موت دیدی تو اس پر رحمت کر اور اس کے ساتھ والے فرشتے جو اس فرشتے (کے ماتحت ہوتے ہیں وہ اس) کی دعا پر آمین کہتے ہیں۔ (ابوالشیخ کتاب الثواب، کنز العمال 23340۔8/378)
فقراء مومنین پر فرشتوں کا ترس
(حدیث) حضرت ابن عباسؓ فرماتے ہیں کہ جناب سرور کائناتؐ نے ارشاد فرمایا:
(ترجمہ) مومنین فقراء پر جو سردی کی تکلیف ہوتی ہے، اس پر ترس کھاتے ہوئے سردی کے جانے پر فرشتے خوش ہوتے ہیں۔ (طبرانی، مجمع الزوائد 1/237 بحوالہ طبرانی کبیر 100 میزان الاعتدال 100 لسان المیزان 6/252 کنز العمال 35212 جمع الجوامع 5922 کامل ابن عدی 6/2368) (جاری ہے)
٭٭٭٭٭