ملک بھرمیں آج یوم فضائیہ منایاجارہاہے

صدراور وزیراعظم کے پیغامات،شاہینوں کوخراج تحسین

September 7, 2026 · اہم خبریں
پاک فضائیہ کے کیڈٹس کا مزارِ قائد پر بانیٔ پاکستان کو خراجِ عقیدت

پاک فضائیہ کے کیڈٹس کا مزارِ قائد پر بانیٔ پاکستان کو خراجِ عقیدت

 

ملک بھر میں آج( 7 ستمبر کو )یومِ فضائیہ منایا جا رہا ہے۔ یہ دن 1965 کی پاک بھارت جنگ کے اس تاریخی فضائی معرکے کی یاد میں منایا جاتا ہے جب پاک فضائیہ کے شاہینوں نے شجاعت، مہارت اور جانبازی کی لازوال مثالیں قائم کیں۔ اور اس دن پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاکر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 6 اور 7 ستمبر کو پاک بھارت جنگ میں بھارتی فضائیہ کے 5 سے زائد طیارے مار گرائے تھے۔ پاک فضائیہ کے پائلٹس نے اپنی جنگی مہارت سے دنیا کو حیران کر دیا۔ آج ملک کے تمام چھوٹے بڑے فضائی اڈوں پر 1965 کی جنگ کی یادگاریں آویزاں کی جائیں گی۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک فضائیہ نے فضائی معرکوں میں پیشہ ورانہ برتری اور غلبے کا مظاہرہ کیا، پاک فضائیہ نے معرکۂ حق میں فیصلہ کن کردار ادا کیا، پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی، جرأت مندانہ قیادت اور بہترین منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔

صدر آصف زرداری نےکہا کہ پاک فضائیہ نے تعداد میں کم ہونے کے باوجود مقابلہ کرنے کی روایت برقرار رکھی،دشمن خواہ کتنا ہی طاقتور ہو ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا، پاک فضائیہ پاکستان کی خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع کے لیے ہر لمحہ مستعد ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فضائیہ نے دہائیوں فضائی معرکوں میں اپنی مہارت اور برتری کا لوہا منوایا، یہ ممتازادارہ قربانی، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابلِ فخر تاریخ رکھتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ قوم کی پکار پر بے مثال جرأت و بہادری کیساتھ لبیک کہا، ستمبر 1965 میں فضائی حدود کے دفاع کیلئے پاک فضائیہ کا عزم دیدنی تھا۔اسی جوش و ولولہ نے انہیں فضاؤں کی وسعتوں میں کامیابی سے ہمکنارکیا۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ شاہینوں نے مادروطن کے دفاع کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاک فضائیہ کے عظیم شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہمارا اعزاز ہے۔

شہبازشریف نے مزید کہاکہ مئی2025 میں پاک فضائیہ نے افواج کی دیگر سروسز کیساتھ مثالی ہم آہنگی دکھائی، پاک فضائیہ نے معرکہ حق میں جرأت مندانہ، غیرمعمولی جنگی مہارت کامظاہرہ کیا۔