کراچی : قادر مگسی کا جلسے سے خطاب، وفاقی حکومت اور اتحادی جماعتوں پر شدید تنقید

نواز شریف خاموش ہیں اور اس معاملے پر بول نہیں رہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی محض اپنے ووٹ کی سیاست کو بچانے کے لیے کام کر رہی ہے، خطاب

November 29, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی) کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے کراچی میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، صوبوں کی تقسیم سے متعلق مبینہ بیانات اور حکومتی پالیسیوں پر سخت تنقید کی ہے۔

جلسے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر قادر مگسی نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں جنرل ضیاء الحق 22 صوبے بنانا چاہتے تھے۔ موجودہ سیاسی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف خاموش ہیں اور اس معاملے پر بول نہیں رہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی محض اپنے ووٹ کی سیاست کو بچانے کے لیے کام کر رہی ہے۔

ایس ٹی پی کے سربراہ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ان کی جماعت سندھ کی دھرتی کے تحفظ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ریفرنڈم کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو یہ غلط فہمی ہے کہ وہ ریفرنڈم کروائے گا، تو ان کی جماعت اس مبینہ سازش کو ہر صورت روکے گی۔

اپنی تقریر کے اختتام پر ڈاکٹر قادر مگسی نے وفاقی حکومت، ایم کیو ایم اور وزیر داخلہ محسن نقوی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج کے جلسے کے بعد اسلام آباد، ایم کیو ایم اور محسن نقوی کے حلقوں میں مایوسی ہوگی۔