جہیز میں کار مانگنے پردلہن کے والد نے دولہا کو کھلونا گاڑی تھما دی
منگنی کے موقع پر دلہن کے والد بابر نے لڑکے والوں کو ایک لاکھ روپے نقد اور دیگر تحائف بھی دیے تھے، جس پر ان کی نیت میں فتور آ گیا
فوٹو بھارتی میڈیا
میرٹھ: بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع میرٹھ کے تھانہ بھون پور کی حدود میں جہیز کے لالچی دولہا والوں کو دلہن کے اہل خانہ کی جانب سے ایسا سبق سکھایا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گاؤں سولانہ کے رہائشی بابر کی بیٹی کا رشتہ تقریباً پانچ ماہ قبل گاؤں گیان پور کے رہائشی شمشیر کے بیٹے سے طے پایا تھا، تاہم رازداری کے پیش نظر دولہا اور دلہن کے ذاتی نام میڈیا میں ظاہر نہیں کیے گئے۔ منگنی کے موقع پر دلہن کے والد بابر نے لڑکے والوں کو ایک لاکھ روپے نقد اور دیگر تحائف بھی دیے تھے، لیکن تقریباً ایک ماہ قبل جب بابر نے اپنی زمین کا ایک ٹکڑا فروخت کیا تو لڑکے والوں کی نیت بدل گئی اور انہوں نے اضافی جہیز کا لالچ شروع کر دیا۔
گزشتہ روز ہفتے کی صبح جب دولہا کے والد شمشیر دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ شادی کا روایتی دعوت نامہ یعنی ‘چٹھی’ لے کر بابر کے گھر پہنچے تو انہوں نے جہیز میں مہنگی لگژری گاڑی ‘مہندرا تھار’ کا مطالبہ رکھ دیا۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق لڑکے والوں کی جانب سے عام موٹر سائیکل کے بجائے مہنگی ‘رائل اینفیلڈ بلٹ’ موٹر سائیکل دینے کی فرمائش بھی کی گئی تھی۔ چونکہ دونوں خاندانوں کا تعلق مقامی مسلم برادری سے ہے۔
اس لیے وائرل ہونے والی ویڈیو میں بھی رشتہ دار اور گاؤں کے معززین روایتی مسلمان لباس اور ٹوپیوں میں دکھائی دے رہے ہیں جو اس موقع پر وہاں موجود تھے۔ عین موقع پر لگژری گاڑی کے مطالبے پر لڑکی کے والد بابر اور اہل خانہ نے فوری طور پر جھگڑا کرنے یا انکار کرنے کے بجائے نہایت خاموشی اور تدبر سے جواب دینے کا فیصلہ کیا اور مہمانوں کی صبح سے لے کر رات تقریباً 10 بجے تک روایتی مہمان نوازی جاری رکھی۔
رات گئے جب تمام رشتہ دار اور اہل علاقہ جمع ہو گئے تو کیمروں کی موجودگی میں دلہن کے والد بابر نے دولہا کے والد شمشیر کے ہاتھ میں ڈبے میں بند ایک پیلے رنگ کی پلاسٹک کی ‘کھلونا تھار’ تھما دی۔
اس موقع پر دلہن کے اہل خانہ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ آپ لوگوں کو انسان یا بہو کی نہیں بلکہ گاڑی کی ضرورت تھی، اس لیے ہماری طرف سے یہ تحفہ قبول کریں اور اب یہ رشتہ ختم سمجھا جائے۔ بعد ازاں منگنی کے تحائف واپس لے کر شادی باضابطہ طور پر منسوخ کر دی گئی، جبکہ جہیز کے لالچ پر کھلونا گاڑی دینے کے اس انوکھے اقدام کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔