پاکستان سے متصل ایرانی صوبے میں مسلح افراد کی فائرنگ، سنی عالم دین جاں بحق
واقعے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی گروہ نے قبول نہیں کی، ایرانی میڈیا
پاکستان سے متصل ایرانی صوبے میں مسلح افراد کی فائرنگ، سنی عالم دین جاں بحق
تہران: ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان میں ہفتے کے روز مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک سنی عالم دین کو قتل کر دیا، مقامی میڈیا نے واقعے کی اطلاع دی ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سرباز کاؤنٹی کے معروف سنی عالم دین بشیر صلاح زہی کو چند گھنٹے قبل ایک دہشت گردانہ کارروائی میں قتل کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملے کے پیچھے کون ملوث تھا۔
تسنیم نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ یہ قتل امریکہ اور صہیونی حکومت کے کرائے کے ایجنٹوں نے کیا ہے۔ ایرانی حکام عام طور پر یہ اصطلاح ان مسلح گروہوں کے لیے استعمال کرتے ہیں جن پر وہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے کام کرنے کا الزام عائد کرتے ہیں۔
سیستان بلوچستان ایران کے غریب ترین صوبوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں طویل عرصے سے سکیورٹی فورسز اور مسلح گروہوں، جن میں علیحدگی پسند دھڑے بھی شامل ہیں، کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔
افغانستان اور پاکستان کی سرحد سے متصل اس صوبے میں حالیہ عرصے کے دوران بدامنی کے واقعات میں دوبارہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔
یہ صوبہ بڑی بلوچ آبادی کا گھر ہے، جن میں سے بیشتر سنی مسلمان ہیں، جبکہ ایران کی اکثریتی آبادی شیعہ ہے۔
اس ماہ کے آغاز میں بھی سیستان بلوچستان میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے ایک پولیس اہلکار کو قتل کر دیا تھا۔