لندن کے مقابلے میں پاکستان زیادہ محفوظ ہے، بین الاقوامی کوہ پیما ماشا گورڈن
لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کی تقریب، کوہ پیماؤں اور مہم جوئی سے وابستہ شخصیات کی شرکت
لندن کے مقابلے میں پاکستان زیادہ محفوظ ہے، بین الاقوامی کوہ پیما ماشا گورڈن
لندن: بین الاقوامی کوہ پیما ماشا گورڈن نے پاکستان کی سیکیورٹی، مہمان نوازی اور کوہ پیماؤں کے لیے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں لندن کے مقابلے میں پاکستان زیادہ محفوظ محسوس ہوا۔
لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن اور یو کے قراقرم سوسائٹی کے اشتراک سے ’’Celebrate Pakistan’s Mountains‘‘ کے عنوان سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ماشا گورڈن نے پاکستان میں اپنے سفر کے تجربات بیان کیے اور پاکستانی عوام کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔
ماشا گورڈن نے سفر کے دوران پاک فوج کے اہلکاروں کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت کو بھی سراہا اور اسے پاکستان کے مثبت تشخص کا عکاس قرار دیا۔
برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان کی میزبانی میں ہونے والی تقریب میں کوہ پیمائی، فوٹوگرافی اور مہم جوئی سے وابستہ معروف شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں رضا انجم، معروف پہاڑی فوٹوگرافر کولن پرائر، ولیم مچل، ماشا گورڈن، چارلس برج اور ڈاکٹر ایم طاہر خان سمیت دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔
اس موقع پر پاکستانی کوہ پیما ساجد علی سدپارہ کا خصوصی ویڈیو پیغام بھی دکھایا گیا، جس میں پاکستان کی کوہ پیمائی کی روایات اور عالمی سطح پر اس کی پہچان کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب میں قراقرم، ہمالیہ اور ہندوکش کے قدرتی مناظر کو اجاگر کرنے کے ساتھ پاکستان اور برطانیہ کی کوہ پیمائی برادری کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق تقریب کا مقصد پاکستان میں پہاڑی سیاحت کو فروغ دینا، کوہ پیمائی کے ورثے کو اجاگر کرنا اور پاکستان و برطانیہ کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانا تھا۔