ڈی جی آئی ایس پی آر کا دورہ سندھ، طلبہ و اساتذہ سے اہم نشست
جامعات کے نمائندگان سے ملاقات، سوشل میڈیا پروپیگنڈا مسترد، قومی یکجہتی پر زور۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا دورہ سندھ، طلبہ و اساتذہ سے اہم نشست
ترجمان پاک فوج ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس پی آر نے سندھ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف جامعات کے طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی۔ اس دورے کے دوران سندھ یونیورسٹی، مہران یونیورسٹی، لیاقت یونیورسٹی اور شہید اللہ بخش یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
نشست کے دوران قومی یکجہتی، ملکی سلامتی اور دشمن کے پروپیگنڈے کے خلاف شعور اجاگر کرنے سمیت اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ طلبہ اور اساتذہ نے اس موقع پر مختلف سوالات کیے جن کے ڈی جی آئی ایس پی آر نے مفصل اور مدلل جوابات دیے۔ اجلاس کے دوران سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے، قومی شعور کی بیداری اور ملکی دفاع میں پاک فوج کے کلیدی کردار پر بھی گہرے تبادلہ خیال کیا گیا۔
نشست میں شریک طلبہ کا کہنا تھا کہ اس ملاقات کے ذریعے انہیں سوشل میڈیا پروپیگنڈے کی حقیقت سمجھنے، قومی شعور اجاگر کرنے اور ملکی دفاع میں پاک فوج کی خدمات کو قریب سے جاننے کا بہترین موقع ملا ہے۔ آخر میں تمام شرکا نے قومی یکجہتی، ملکی استحکام اور پاکستان کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔