خیبرپختونخوا حکومت کا سابق فاٹا، پاٹا کی صنعتوں کوسیلز ٹیکس سے استثنیٰ

صنعتی یونٹس کے لیے شرائط مقرر، نوٹیفکیشن یکم اگست 2026 سے نافذ ہوگا.

September 8, 2026 · قومی

فائل فوٹو

پشاور:خیبرپختونخوا حکومت نے سابق فاٹا اور پاٹا کی صنعتوں کو سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دے دیا، خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سیلز ٹیکس سے استثنیٰ کے لیے صنعتی یونٹ کا سابق فاٹا یا پاٹا میں قائم ہونا لازمی ہے، جبکہ صنعتی یونٹ کا ودہولڈنگ ایجنٹ کے طور پر رجسٹرڈ ہونا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔

ورچوئل یا ریموٹ ذرائع سے فراہم کی جانے والی خدمات سیلز ٹیکس استثنیٰ میں شامل نہیں ہوں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شرائط پوری نہ ہونے یا غلط معلومات فراہم کرنے کی صورت میں سیلز ٹیکس استثنیٰ واپس لیا جاسکے گا۔

سیلز ٹیکس استثنیٰ کا نوٹیفکیشن یکم اگست 2026 سے نافذ العمل ہوگا اور 30 جون 2028 تک مؤثر رہے گا۔

نفاذ سے قبل جمع کیے گئے ٹیکس کی واپسی یا ایڈجسٹمنٹ کا دعویٰ نہیں کیا جاسکے گا۔