لاہور پولیس کا سود خوری کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 69 ملزمان گرفتار

شہریوں کا مالی استحصال کرنے والے سود خور عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔سی سی پی او لاہور

September 12, 2026 · قومی
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

لاہور پولیس نے شہریوں کے مالی استحصال میں مبینہ طور پر ملوث سود خور عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق شہر میں سود خوروں کے خلاف جاری حالیہ مہم کے دوران 69 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ مختلف تھانوں میں سود خوری سے متعلق 78 مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق اقبال ٹاؤن ڈویژن سے 24، سٹی ڈویژن سے 21 جبکہ کینٹ ڈویژن سے 11 سود خور ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دیگر ڈویژنز میں بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں کو مالی دباؤ اور استحصال سے بچانے کے لیے سود خوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

سی سی پی او لاہور نے کہا ہے کہ شہریوں کا مالی استحصال کرنے والے سود خور عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن بلاامتیاز جاری رہے گا اور ایسے افراد کو قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔