مریم نواز کی کارکردگی اور مقبولیت سے مخالفین کو تکلیف ہے، مریم اورنگزیب

وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ لندن کے اخراجات اور بیان پر سیاسی محاذ آرائی شدت اختیار کر گئی۔

September 12, 2026 · |
وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ لندن کے اخراجات اور بیان پر سیاسی محاذ آرائی شدت اختیار کر گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ لندن کے اخراجات اور بیان پر سیاسی محاذ آرائی شدت اختیار کر گئی۔

لاہور: (خبر نگار) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج کل اصل تکلیف جہاز اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان کی نہیں، بلکہ مریم نواز کی دن بدن بڑھتی ہوئی کارکردگی اور مقبولیت سے ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنے لندن دورے کے اخراجات خود برداشت کریں گی اور اس حوالے سے پہلے ہی بتا دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان کو صوبوں میں نفرت اور قوم میں تقسیم پیدا کرنے کے لیے استعمال کرنے والوں کو خود عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔

دوسری جانب، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکنِ پنجاب اسمبلی وقاص محمود مان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ لندن پر آنے والے مبینہ اخراجات سے متعلق پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع کروا دی ہے۔ جمع کروائی گئی تحریک التواء میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سرکاری طیارے کے فیول اور دیگر اخراجات کی مد میں مبینہ طور پر ایک کروڑ 25 لاکھ روپے خرچ کیے گئے، ایسے وقت میں جب عوام مہنگائی سے پریشان ہے، سرکاری خزانے سے نجی دورے کا خرچ کیوں کیا گیا؟ تحریک میں استفسار کیا گیا ہے کہ یہ اخراجات کس قانون کے تحت ادا ہوئے اور اس کی منظوری کس نے دی۔

اس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان کی گفتگو پی ٹی آئی اور اس کی قیادت کی خواتین کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے کی روایت کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے خیبرپختونخوا پر ایسے عناصر مسلط ہیں جو پختون روایات سے ناآشنا ہیں۔ دہشت گرد بندوق اور خودکش جیکٹ سے انسانوں کے چیتھڑے اڑاتے ہیں جبکہ ان کے سہولت کار زبان کو خواتین کی توہین کے لیے ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔