ایم کیو ایم ناکامی کے بعد صوبے کا معاملہ اٹھا رہی ہے، قادر پٹیل

ایم کیو ایم نے ماضی میں بھی عوامی حمایت کم ہونے پر تقسیم اور نئے صوبے کی بات کو سیاسی طور پر استعمال کیا۔

September 13, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل نے ایم کیو ایم پاکستان کے صوبے سے متعلق مؤقف پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت سیاسی ناکامی کے بعد ایک بار پھر صوبے کا معاملہ اٹھا رہی ہے۔

خالد مقبول صدیقی کے بیان پر ردعمل میں قادر پٹیل نے الزام عائد کیا کہ ایم کیو ایم نے ماضی میں بھی عوامی حمایت کم ہونے پر تقسیم اور نئے صوبے کی بات کو سیاسی طور پر استعمال کیا۔

انہوں نے مصطفیٰ کمال کے ماضی کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے خالد مقبول صدیقی سے وضاحت طلب کی کہ اگر ماضی میں مصطفیٰ کمال نے ان پر سنگین الزامات عائد کیے تھے تو اب ان دونوں میں سے کون سا مؤقف درست سمجھا جائے۔

قادر پٹیل نے ایم کیو ایم پر کراچی کے ماضی کے حالات کا ذمہ دار ہونے کے الزامات بھی عائد کیے اور کہا کہ نئے صوبے کے مطالبے سے پہلے جماعت کو شہر میں ماضی کی صورتحال سے متعلق عوام کو جواب دینا چاہیے۔

پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت سندھ کی تقسیم کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کرے گی اور اس معاملے پر جمہوری و آئینی طریقے سے اپنا مؤقف پیش کرتی رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ خالد مقبول صدیقی کی جانب سے صوبے کا معاملہ بار بار اٹھایا جائے گا تو عوام بھی اس پر سوالات کرتے رہیں گے۔