کراچی میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی بندش کے باعث 21 میں سے 10 پمپس غیر فعال ہوگئے

September 13, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی بندش کے باعث 21 میں سے 10 پمپس غیر فعال ہوگئے، جس کے نتیجے میں کراچی کو پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق دھابیجی کے تھرڈ فیز، فورتھ فیز اور کے تھری پمپس ہاؤس کی بجلی بند ہوگئی ہے۔ کے الیکٹرک نے بجلی کی بندش کی وجہ کیبل فالٹ بتائی ہے۔

ترجمان کے مطابق بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث 10 پمپس بند ہونے سے دھابیجی سے کراچی کو فراہم کیے جانے والے پانی کی مقدار متاثر ہوسکتی ہے۔

واٹر کارپوریشن حکام بجلی کی جلد بحالی کے لیے کے الیکٹرک انتظامیہ سے رابطے میں ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بجلی بحال ہوتے ہی متاثرہ پمپس کو فوری طور پر فعال کردیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق بجلی کی بحالی کے بعد دھابیجی سے کراچی کو پانی کی فراہمی معمول پر لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے اور متاثرہ علاقوں میں پانی کی سپلائی بھی بحال کردی جائے گی۔

واٹر کارپوریشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پانی کا باکفایت استعمال کریں اور غیر ضروری طور پر پانی ضائع کرنے سے گریز کریں۔