پی ٹی آئی رہنما نعیم حیدر پنجوتھہ کے خلاف بجلی چوری کا مقدمہ درج
میٹر میں اضافی تار کے ذریعے تھمبل کو مبینہ طور پر شنٹ کیا گیا، جس سے بجلی چوری کی جارہی تھی۔
فائل فوٹو
سرگودھا: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ کے خلاف بجلی چوری کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق مقدمہ تھانہ بھیرہ میں ایس ڈی او فیسکو محمد عاطف ضیاء کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں بجلی چوری سے متعلق دفعہ 462-I شامل کی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق فیسکو ٹاسک فورس کی ٹیم نے 10 ستمبر کو ڈھل کے علاقے میں صارف نعیم حیدر کے بجلی میٹر کا معائنہ کیا، جہاں میٹر کو مشکوک قرار دیتے ہوئے اتار کر فیسکو لیبارٹری سرگودھا بھجوایا گیا۔
دستاویز کے مطابق ایکسین ایم اینڈ ٹی سرگودھا کی رپورٹ میں میٹر کے ساتھ مبینہ چھیڑ چھاڑ، دونوں جانب کی سیل ٹوٹنے اور میٹر کی باڈی کھلی ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ میٹر میں اضافی تار کے ذریعے تھمبل کو مبینہ طور پر شنٹ کیا گیا، جس سے بجلی چوری کی جارہی تھی۔
فیسکو حکام کی رپورٹ کی بنیاد پر نعیم حیدر پنجوتھہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ واقعے کی مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ ایف آئی آر میں عائد الزامات حتمی طور پر ثابت شدہ نہیں ہیں اور مقدمے کی تفتیش کے بعد ہی معاملے کی مکمل صورت حال سامنے آئے گی۔