پیٹرولیم لیوی کو عوام نے بھتا ٹیکس قرار دے دیا:حافظ نعیم
20 ستمبر کو جماعت اسلامی کے کارکنان ملک کے مختلف علاقوں سے اسلام آباد پہنچیں گے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کا پیٹرول کی قیمت سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ ایک مخصوص نظام کے تحت چند افراد کو فائدہ پہنچانے کے لیے عوام پر بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ عوام پیٹرولیم لیوی کو ’’بھتا ٹیکس‘‘ قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 20 ستمبر کو جماعت اسلامی کے کارکنان ملک کے مختلف علاقوں سے اسلام آباد پہنچیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے احتجاجی دھرنے ملک بھر میں جاری ہیں اور اس وقت 36 شہروں میں دھرنے دیے جا رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ وہ تیمرگرہ جا رہے ہیں، جہاں بڑا دھرنا جاری ہے، جبکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ احتجاج میں شریک عوام کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔