گنڈاپور کے آبائی ضلع ڈی آئی خان کے ترقیاتی بجٹ میں بڑی کٹوتی
ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر 50 سے 60 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا کام مکمل ہوچکا ہے، تاہم ان منصوبوں کی واجب الادا رقوم ابھی باقی ہیں
فائل فوٹو
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے رواں مالی سال بجٹ مختص نہ کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
قومی اسمبلی کے رکن فیصل امین گنڈاپور نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبائی حکومت کی حالیہ 43 ارب روپے کی ترقیاتی ریلیز میں ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے صرف 8 کروڑ روپے رکھے گئے۔
فیصل امین گنڈاپور کے مطابق ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر 50 سے 60 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا کام مکمل ہوچکا ہے، تاہم ان منصوبوں کی واجب الادا رقوم ابھی باقی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مالی سال 2026-27 کے لیے ان منصوبوں کو کوئی بجٹ نہیں دیا گیا اور تخصیص صفر رکھی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اے ایس ڈی آئی منصوبے کے لیے بھی رواں مالی سال کوئی رقم مختص نہیں کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور موجودہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے سیاسی اختلافات کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔