کوئٹہ: ریاست مخالف بیانیے کے پرچارپر 100 سرکاری ملازمین برطرف، 95 یونیورسٹی اساتذہ شامل

دیگر 5 ملازمین میں سے 3 کا تعلق محکمہ صحت سے ہے ۔

September 13, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کوئٹہ : محکمہ داخلہ بلوچستان نے ریاست مخالف بیانیے اور سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں سخت کارروائی کرتے ہوئے 100 سرکاری ملازمین کو ان کے عہدوں سے برطرف کر دیا ہے۔

معاون وزیر داخلہ برائے میڈیا بابر یوسفزئی کے مطابق برطرف کیے گئے ملازمین میں 95 یونیورسٹی اساتذہ شامل ہیں، جبکہ دیگر 5 ملازمین میں سے 3 کا تعلق محکمہ صحت سے ہے۔

بابر یوسفزئی نے بتایا کہ برطرف کیے جانے والے ملازمین سرکاری حلف کی سنگین خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک اور ریاست کے خلاف زہر اگلنے اور تخریبی بیانیے کا حصہ بننے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین اقدام اٹھایا جائے گا۔