ایم کیو ایم نے کمیٹی میں تمام شقوں کی حمایت کی،اسمبلی میں مکر گئی:شرجیل میمن

شرجیل میمن کا ایم کیو ایم پر پرانی روایات برقرار رکھنے اور دوغلے مؤقف کا الزام

September 14, 2026 · قومی

فائل فوٹو

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ تمام صحافیوں نے سندھ اسمبلی کی کارروائی لائیو دیکھی، ایم کیو ایم نے اپنی پرانی روایات برقرار رکھتے ہوئے شور شرابہ کیا مگر بل میں حصہ نہیں لیا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ آج سندھ اسمبلی کی کارروائی سب نے دیکھی، ایم کیو ایم نے اپنی پرانی روایت برقرار رکھی اور لوکل گورنمنٹ کے ترمیمی بل پر شور شرابہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ویسے بھی بل پیش کر سکتی تھی، تاہم مختلف جماعتوں پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی جس میں تمام جماعتوں کے ارکان شریک تھے۔ ایم کیو ایم نے کمیٹی میں تمام شقوں کی حمایت کی لیکن اسمبلی میں آکر مکر گئی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ یہ ایم کیو ایم کا پرانا وطیرہ ہے، ایم کیو ایم نے اپنے لیڈر سے بغاوت کی۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات سے بھاگ گئی تھی۔ مصطفیٰ کمال نے خالد مقبول صدیقی کو ’را‘ کا ایجنٹ کہا تھا، تاہم ہم اس طرح کے الزامات پر یقین نہیں رکھتے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ مصطفیٰ کمال اپنی بات کلیئر کریں یا معافی مانگیں۔ ایم کیو ایم کا اسمبلی کے اندر کچھ اور اور باہر کچھ اور ہوتا ہے۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ مصطفیٰ کمال نے خالد مقبول کو ’را‘ کا ایجنٹ کہا، آج مصطفیٰ کمال ’را‘ کے ایجنٹ کے ماتحت کام کر رہے ہیں۔ اگر غلط کہا تو مصطفیٰ کمال آکر معافی مانگیں۔

انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل میں بہت بڑی ترامیم نہیں ہیں۔