وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد پر دھاوے کی اجازت نہیں دیں گے۔
سخت سکیورٹی اقدامات، کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے، وزیر داخلہ، حکم عدولی پر قانونی کارروائی ہوگی۔
فائل فوٹو
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متوقع لانگ مارچ کے حوالے سے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دارالحکومت اسلام آباد پر کسی بھی قسم کے دھاوے یا یلغار کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو 27 ستمبر کے حوالے سے واضح احکامات جاری کر دیے گئے ہیں اور اگر دوسری طرف سے فائرنگ کی گئی تو سکیورٹی ادارے خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کے پیش نظر پہلے سے آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ بعد میں کسی قسم کا کوئی گلہ نہ رہے۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح اور دوٹوک احکامات موجود ہیں، اور اگر کسی نے بھی عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی تو سب سے پہلے توہین عدالت کا مقدمہ درج کیا جائے گا اور اس کے بعد قانون شکنی کرنے والوں کو ہر ممکن طریقے سے روکا جائے گا۔
محسن نقوی نے کوہاٹ میں پیش آنے والے افسوسناک سانحہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس نازک وقت میں اس طرح کے اقدامات کرنا کسی بھی طرح مناسب نہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ عمل زیب نہیں دیتا کہ ایک طرف جنازے اٹھائے جا رہے ہوں اور دوسری طرف آپ وفاق یا کسی دوسرے صوبے پر چڑھائی کرنے کی تیاری کر رہے ہوں۔ وزارت داخلہ کے مطابق امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے اور ریاست کی رٹ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری قانونی و انتظامی اقدامات سختی سے نافذ کیے جائیں گے۔