اسلام آبادمیں احتجاج روکنے کے لیے سیکیورٹی اہلکار وں کی تعدادسامنے آگئی
راولپنڈی پولیس نے9 ہزارنفری مانگی ہے،ذرائع
پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اسلام آباد میں احتجاجی ریلیوں کے پیشِ نظر، راولپنڈی ڈویژن اور وفاقی دارالحکومت کے علاقے میں سیکیورٹی برقرار رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں آٹھ ڈی آئی جیز (DIGs) کی قیادت میں22 ہزارسے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ خیبر پختونخوا کو پنجاب سے جوڑنے والے ضلع اٹک میں30 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے۔
اٹک میں مقامی پولیس کی مدد کے لیے اضافی اہلکاروں کی آمد شروع ہو گئی ہے اور انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو رپورٹ کرنا شروع کر دیا ہے۔
ایک پولیس اہلکار نےبتایا کہ راولپنڈی پولیس نے احتجاج کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور مقامی پولیس کی مدد کے لیے9 ہزار اہلکاروں کی درخواست کی ہے۔ دوسری جانب، جڑواں شہروں میں ممکنہ احتجاج اور ریلیوں کو پہنچنے سے روکنے کے لیے داخلی راستوں کو بند کرنے کی خاطر بڑی تعداد میں کنٹینرز ضبط کیے جا رہے ہیں، کیونکہ راولپنڈی کے 11 راستوں سمیت مجموعی طور پر 30 داخلی راستے بلاک کیے جائیں گے۔جڑواں شہروں میں پہلے ہی بڑی تعداد میں کنٹینرز ضبط کیے جا چکے ہیں اور انہیں شاہراہوں کے کناروں اور کھلی جگہوں پر رکھا جا رہا ہے۔
جماعت اسلامی، کسان اتحاد اور تحریک انصاف نے آنے والے ہفتے میں اسلام آباد میں لانگ مارچ اور دھرنوں کا اعلان کر رکھا ہے۔
جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی (ٹیکس) کے خلاف اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کی کال دی ہے، پی ٹی آئی نے اپنے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے 27 ستمبر کو لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔کسان اتحاد کاشت کاروں کے لیے ریلیف کا خواہاں ہے اور اس نے بھی اسلام آباد کی طرف احتجاجی مارچ کا اعلان کیا ہے۔
اگرچہ راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع سے اضافی پولیس فورس طلب کر لی گئی ہے، تاہم ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مارچوں سے نمٹنے کے لیے اسلام آباد کے لیے 22,000 سے زائد نفری بلائی گئی ہے۔ یہ اہلکار آٹھ ڈی آئی جیز، 10 ایس ایس پیز (SSPs)، 40 ایس پیز (SPs) اور 58 ڈی ایس پیز (DSPs) کی نگرانی میں تعینات ہوں گے جن کے لیے رہائش کے الگ انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، خیبر پختونخواکو پنجاب سے جوڑنے والے انتہائی اہم ضلع [اٹک میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کل30 ہزارسیکیورٹی اہلکار بلائے گئے ہیں۔ اس مقصد کے لیے پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول [شیخوپورہ،ڈی جی خان،، ملتان، فیصل آباد سے اضافی فورسز کے ساتھ ساتھ پنجاب کانسٹیبلری، رائٹ مینجمنٹ پولیس اور دیگر یونٹس کو طلب کیا گیا ہے۔
ضلع راولپنڈی میں پولیس کی ہر قسم کی چھٹیوں پر یکم اکتوبر تک پہلے ہی پابندی عائد کی جا چکی ہے۔
سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرانےآرڈر جاری کیا ہے کہ انتہائی ہنگامی صورتحال کے علاوہ یکم اکتوبر تک ہر قسم کی اتفاقی اور واجب الادا چھٹیوں پر پابندی ہوگی۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے امن و امان کے لیے باہر کے اضلاع سے بلائے گئے پولیس افسران کے لیے رہائش کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
منصوبے کے مطابق، وفاقی دارالحکومت کے 13 ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز میں مختص کیے گئے 132 کمرے مجموعی طور پر 362 پولیس افسران اور اہلکاروں کو فراہم کیے جائیں گے۔
تمام آٹھ ڈی آئی جیز کو اسلام آباد ہوٹل (میلوڈی جی-6) میں رہائش فراہم کی جائے گی، 10 ایس ایس پیز کو بلیو ایریا کے ایک ہوٹل میں ٹھہرایا جائے گا، جبکہ 40 سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس پیز) کو مختلف ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز میں رہائش دی جائے گی۔
اسی طرح، 58 ڈی ایس پیز اور 246 انسپکٹرز کو ایسے مختلف گیسٹ ہاؤسز میں رہائش فراہم کی جائے گی جن کا کرایہ پولیس کے اعلیٰ افسران کو دی گئی رہائش کے مقابلے میں کم ہے۔مزید برآں، دیگر صوبوں سے اسلام آباد بلائے گئے پولیس اور ایف سی (FC) اہلکاروں کی رہائش کے انتظامات سرکاری عمارتوں، اسکولوں/کالجوں، اسپورٹس کمپلیکس، میرج ہالز اور پولیس اسٹیشنز میں کیے جا رہے ہیں۔