پی سی بی نے محمد رضوان پر میڈیا ٹاک کی پابندی لگا دی

رضوان آئی سی سی کو لکھے گئے خط سے متعلق تفصیلات میڈیا کو بتانا چاہتے تھے۔

September 21, 2026 · اسپورٹس, قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹر محمد رضوان کو میڈیا سے بات کرنے سے روک دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کا مؤقف ہے کہ محمد رضوان کا معاملہ این سی سی آئی اے میں زیرِ تفتیش ہے، اس لیے انہیں میڈیا سے گفتگو کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

ذرائع کے مطابق محمد رضوان آئی سی سی کو لکھے گئے خط سے متعلق تفصیلات بتانا چاہتے تھے۔ وہ سینٹرل کنٹریکٹ کی شق 4.1 کا احترام کرتے ہوئے شق 16 استعمال کرنا چاہتے تھے۔

واضح رہے کہ شق 4.1 کے مطابق کھلاڑی بغیر اجازت عوامی بیان نہیں دے سکتا، جبکہ شق 16 کے مطابق پی سی بی اور کھلاڑی میں باہمی تعاون ہونا چاہیے۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کے دورے میں 2 ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد جن کھلاڑیوں کو پاکستان واپس طلب کیا گیا تھا، ان میں محمد رضوان بھی شامل تھے۔

پی سی بی نے محمد رضوان اور امام الحق کے موبائل فون بھی تحویل میں لیے تھے، جنہیں بعد ازاں این سی سی آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔ دونوں کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے بھی روک دیا گیا تھا۔