بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،19 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک
سب ڈار محمد جمیل نے مادر وطن کے دفاع میں جام شہادت نوش کیا
سیکیورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے خلاف کارروائی، کلیئرنس آپریشن کے دوران اسلحہ برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلیجنس اداروں نے ضلع کوئٹہ کے علاقے شابان میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی، جو مقامی آبادی کے لیے خطرہ بن رہے تھے۔
مقامی آبادی کے تحفظ اور علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے 21 ستمبر 2026 سے ضلع کوئٹہ کے علاقے شابان میں کلیئرنس آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے متعدد دہشتگرد ٹھکانوں کو مؤثر کارروائی کے بعد کلیئر کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد اب تک 13 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔ کلیئر کیے گئے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ علاقے میں خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 22 اور 23 ستمبر 2026 کو ضلع کیچ اور ضلع کوئٹہ ویسٹ میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس کی بنیاد پر پیشگی آپریشن کیے۔
ان کارروائیوں کے دوران اہلکاروں نے دہشتگردوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران 39 سالہ سب ڈار محمد جمیل، رہائشی تونسہ شریف، ضلع ڈیرہ غازی خان، نے مادر وطن کے دفاع میں فرض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت جاری انسدادِ دہشتگردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی حمایت یافتہ اور سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔