پنجاب میں جامع تعلیمی اصلاحات، نیا نصاب، اے آئی اور مینٹل ہیلتھ ٹریننگ منظور
کتابوں کا بوجھ کم، اساتذہ کی تربیت، جسمانی سزا کے خلاف قانون سازی کا فیصلہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف تعلیمی اصلاحات کے اجلاس کی صدارت کر رہی ہیں
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت تعلیمی اصلاحات سے متعلق ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے سرکاری اسکولوں کے لیے نئے نصاب اور تدریسی نظام میں اہم اصلاحات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ذیلی ادارے پیکٹا نے نئے نصاب پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں انگلش، میتھ، سوشل سٹڈیز، اردو اور ارلی چائلڈ ہوڈ کریکولم کا جائزہ لیا گیا۔
سرکاری دستاویز اور اجلاس کے اعلامیے کے مطابق نئے نصاب کا بنیادی مقصد طلبہ میں رٹے کے رجحان کی حوصلہ شکنی کرنا اور ان کی تعلیمی بنیاد کو مضبوط بنانا ہے۔ نئے نصاب کے تحت طلبہ پر سے کتابوں کا بوجھ 25 فیصد کم کیا جائے گا، جبکہ ہر نصابی کتاب میں کیو آر کوڈز شامل کیے جائیں گے جنہیں اسکین کرکے طلبہ متعلقہ موضوع پر ویڈیو اسباق دیکھ سکیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کلاس 1 سے 12ویں جماعت تک مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کا نصاب تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مارچ سے قبل نئی نصابی کتب کی پرنٹنگ کا عمل مکمل کرنے کا حکم بھی دیا۔
اجلاس میں صوبے بھر کے اسکولوں میں طلبہ کی بہتری اور تحفظ کے لیے انقلابی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ اساتذہ کے لیے مینٹل ہیلتھ ٹریننگ کا آغاز کیا جا رہا ہے، جبکہ اسکولوں میں جسمانی سزا کے مکمل خاتمے کے لیے قانون سازی پر بھی اتفاق کیا گیا۔ جسمانی سزا کے متبادل کے طور پر کلاس رومز میں ڈسپلن کارنر قائم کرنے کی تجویز زیر غور آئی۔ اس کے علاوہ طلبہ کو آن لائن کونسلنگ کی سہولت فراہم کرنے اور ہر ضلع میں وزیٹنگ فیکلٹی سائیکالوجسٹ تعینات کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ پنجاب بھر میں ہفتے کا 1 دن اساتذہ کی تربیت کے لیے مختص کیا جائے گا جہاں خود نصابی کتب کے مصنفین اساتذہ کو تربیت دیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں ایک بہترین تعلیمی ماڈل دیکھنا چاہتی ہیں اور پرائمری اسکولوں پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے تاکہ بچوں کی بنیاد مضبوط ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے، تاہم وسائل کا ضیاع سختی سے روکنا ہوگا۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ 12 اضلاع کی 31 تحصیلوں میں 35 ہزار اساتذہ کی انگلش لرننگ کامیابی سے مکمل کی جا چکی ہے اور اسکولوں میں ڈیجیٹل لٹریسی کو فروغ دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔