ٹیکسلا،گوجر خان میں فائبر کٹنے سے سروس متاثر ہوئی،شزہ فاطمہ خواجہ

ٹیلی کام آپریٹر کے نیٹ ورک میں آپٹیکل فائبر کیبل متاثر ہونے کے باعث بعض علاقوں میں انٹرنیٹ سروس میں خلل پیدا ہوا تھا۔

September 27, 2026 · قومی
ٹیکسلا،گوجر خان میں فائبر کٹنے سے سروس متاثر ہوئی،شزہ فاطمہ خواجہ

ٹیکسلا،گوجر خان میں فائبر کٹنے سے سروس متاثر ہوئی،شزہ فاطمہ خواجہ

اسلام آباد: راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں متاثر ہونے والی انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق ایک ٹیلی کام آپریٹر کے نیٹ ورک میں آپٹیکل فائبر کیبل متاثر ہونے کے باعث جڑواں شہروں کے بعض علاقوں میں انٹرنیٹ سروس میں عارضی خلل پیدا ہوا تھا۔

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے بھی بتایا کہ ٹیکسلا اور گوجر خان کے عمومی علاقوں میں فائبر کٹنے کے دو واقعات پیش آئے، جس کے نتیجے میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں بعض ٹیلی کمیونیکیشن خدمات متاثر ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ مقامات میں سے ایک پر فائبر کی مرمت مکمل کرکے بیشتر سروسز بحال کردی گئی تھیں، جبکہ دوسرے مقام پر تکنیکی ٹیمیں مرمت کے کام میں مصروف تھیں۔

پی ٹی اے کے مطابق فائبر کیبل کو پہنچنے والے نقصان کا اثر چند مقامی اور گردونواح کے علاقوں تک محدود رہا، جبکہ ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معمول کے مطابق چلتی رہی۔ شمالی ریجن کے بعض علاقوں سے بھی سروس متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تکنیکی ٹیموں نے متاثرہ آپٹیکل فائبر کیبل کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے اور مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد متاثرہ علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحال ہونا شروع ہوگئی۔

پی ٹی اے نے تصدیق کی ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں انٹرنیٹ سروس اب مکمل طور پر بحال ہوچکی ہے اور صارفین کو معمول کے مطابق انٹرنیٹ اور متعلقہ ٹیلی کمیونیکیشن سہولیات دستیاب ہیں۔

حکام کے مطابق تکنیکی خرابی کے باعث پیدا ہونے والے تعطل کو دور کرنے کے لیے متعلقہ اداروں اور تکنیکی ٹیموں نے مل کر کام کیا، جس کے نتیجے میں سروسز کی بحالی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔