بابر اعظم کو 80 ہزار امریکی ڈالرز میں ڈیزرٹ وائپرز نے سائن کر لیا
اہم پیش رفت، متحدہ عرب امارات کی لیگ، بابر اعظم کو بڑی قیمت مل گئی
بابر اعظم کو 80 ہزار امریکی ڈالرز میں ڈیزرٹ وائپرز نے سائن کر لیا
قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کو ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی (آئی ایل ٹی20) کے سیزن 5 کی نیلامی کے دوران 80 ہزار امریکی ڈالر کی سب سے مہنگی بیس پرائس کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی فرنچائز ڈیزرٹ وائپرز نے سائن کر لیا ہے۔
اس معاہدے کے بعد دنیا کے نمایاں کرکٹرز میں شمار ہونے والے بابر اعظم اب اس بڑی غیر ملکی فرنچائز لیگ کا حصہ بن گئے ہیں، جس سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں موجود کرکٹ شائقین کی دلچسپی میں بھی مزید اضافہ متوقع ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایل ٹی20 کے پانچویں سیزن کی پلیئرز نیلامی یکم اکتوبر کو دبئی میں منعقد ہو رہی ہے، جس میں 23 ممالک کے 200 سے زائد نامور کرکٹرز شامل ہیں۔ بابر اعظم اس سیزن میں 80 ہزار امریکی ڈالرز کی سب سے مہنگی کیٹیگری میں دستیاب ہوں گے جبکہ دیگر پاکستانی کھلاڑی بھی مختلف سلیبز کے تحت اس لسٹ کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب بابر اعظم اس وقت پاکستان میں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ میں او جی ڈی سی ایل کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اسلام آباد کے ڈائمنڈ گراؤنڈ میں اسٹیٹ بینک کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوران ان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں سات سال بعد واپسی اتنی شاندار نہیں رہی اور وہ پہلی اننگز میں 21 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
میچ کے دوران ناقص سکیورٹی انتظامات اور شائقین کی بڑی تعداد کے گراؤنڈ میں داخل ہونے پر کشیدگی بھی دیکھی گئی، جہاں مداحوں کے ہجوم اور سیلفی کی کوشش پر بابر اعظم نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے ایک مداح کا موبائل فون لے کر پھینک دیا اور ہجوم سے بچنے کے لیے ڈریسنگ روم کی جانب دوڑ لگائی۔