سیکیورٹی خدشات، امریکا نے برطانوی ایئر بیس سے تمام بمبار طیارے واپس بلا لیے
اہم پیش رفت، پینٹاگون نے انخلا کی تصدیق کر دی، تحقیقات جاری ہیں
برطانیہ میں واقع آر اے ایف فیئر فورڈ ایئر بیس جہاں سے امریکی بمبار طیارے واپس بلا لیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی خدشات اور دہشت گردی کے مبینہ خطرات کے پیشِ نظر امریکا نے برطانیہ کے رائل ایئر فورس فیئر فورڈ بیس سے اپنے تمام بمبار طیارے ہنگامی طور پر واپس امریکا منتقل کر دیے ہیں۔ یہ فضائی اڈہ طویل عرصے سے مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی کارروائیوں اور ایران کے خلاف استعمال ہونے والے بی-1 اور بی-52 بمبار طیاروں کا اہم مرکز رہا ہے۔
دستاویزات اور عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اقدام 27 ستمبر کو پیش آنے والے ایک بڑے سیکیورٹی واقعے کے بعد سامنے آیا ہے، جب گلوسٹرشائر میں واقع اس فضائی اڈے کے قریب مشکوک گاڑیوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی۔ اس سلسلے میں برطانوی حکام نے ابتدائی طور پر لندن سے تعلق رکھنے والے 5 افراد کو گرفتار کیا تھا، جن کے بعد میں برطانوی-ایرانی شہری سمیت ایک چھٹے شخص کو بھی حراست میں لیا گیا۔ پولیس تحقیقات کے دوران ملزمان کی گاڑیوں سے پیٹرول برآمد ہوا تاہم بعد ازاں تمام مشتبہ افراد کو تفتیشی حکمت عملی کے تحت پولیس ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
پینٹاگون کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ فیئر فورڈ پر تعینات تمام امریکی بمبار طیارے امریکا میں اپنے متعلقہ ہوم بیسز پر واپس پہنچ چکے ہیں۔ پینٹاگون کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی فضائیہ کے اہلکار دنیا بھر میں کہیں بھی اور کسی بھی وقت درست اہداف کو نشانہ بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ برطانوی حکام کا دعویٰ ہے کہ اس مبینہ سازش میں ایران کے ملوث ہونے کے مضبوط شواہد موجود ہیں، تاہم تہران نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔