پی ٹی آئی نےانتہا پسندی نہ چھوڑی تو عمران خان جیل میں زرداری کا ریکارڈ توڑ دیں گے، بلاول

پاکستان کی سیاسی روایت رہی ہے کہ آج جیل میں رہنے والا سیاست دان کل اقتدار میں بھی آ سکتا ہے

October 10, 2026 · |
پی ٹی آئی نےانتہا پسندی نہ چھوڑی تو عمران خان جیل میں زرداری کا ریکارڈ توڑ دیں گے، بلاول

پی ٹی آئی نےانتہا پسندی نہ چھوڑی تو عمران خان جیل میں زرداری کا ریکارڈ توڑ دیں گے، بلاول

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف نے انتہا پسندی اور بائیکاٹ کی سیاست ترک نہ کی تو عمران خان جیل میں رہنے کے معاملے میں آصف علی زرداری کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔

ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تحریک انصاف کو درپیش مسائل کی بڑی وجہ انتہا پسندی اور بائیکاٹ کی سیاست ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی روایت رہی ہے کہ آج جیل میں رہنے والا سیاست دان کل اقتدار میں بھی آ سکتا ہے، تاہم اس کے لیے تحریک انصاف کو اپنی سیاسی حکمت عملی تبدیل کرنا ہوگی۔

بلاول بھٹو نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ منفی سیاست کے راستے پر چل رہے ہیں۔ ان کے مطابق کچھ روز قبل وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے لیے تیار تھی، تاہم صوبے میں گورنر راج نافذ کرنا آخری راستہ ہوگا۔

ایم کیو ایم پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ جو جماعت یونین کونسل کی نشست حاصل نہیں کر سکتی، وہ صوبے کی بات کر رہی ہے۔ انہوں نے مصطفیٰ کمال اور محسن نقوی کو چیلنج کیا کہ وہ سندھ کے مختلف شہروں میں جا کر عوام سے پوچھیں کہ آیا وہ الگ صوبہ چاہتے ہیں یا نہیں۔