پاکستان افغانستان کشیدگی، روس نے ثالثی کی پیشکش کر دی

سرحدی گزرگاہوں کی بندش سے نہ صرف پاکستان اور افغانستان بلکہ وسطی ایشیائی ممالک اور روس کے ساتھ تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔روسی سفیر

October 20, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
پاکستان افغانستان کشیدگی، روس نے ثالثی کی پیشکش کر دی

پاکستان افغانستان کشیدگی، روس نے ثالثی کی پیشکش کر دی

اسلام آباد: روس نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے اور سرحدی گزرگاہیں دوبارہ کھلوانے کے لیے تعاون کی پیشکش کر دی ہے۔

روسی سفیر البرٹ پی خورئیف نے انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد میں پاک روس تعلقات کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی تنازعات کا جلد حل چاہتا ہے۔

روسی سفیر کے مطابق سرحدی گزرگاہوں کی بندش سے نہ صرف پاکستان اور افغانستان بلکہ وسطی ایشیائی ممالک اور روس کے ساتھ تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

اس موقع پر روس میں پاکستان کے سفیر فیصل ترمذی نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان میں دراندازی کی جاتی ہے۔ ان کے بقول افغانستان ایک ایسا معاملہ ہے جس کے حل کے لیے پاکستان اور روس مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں۔

فیصل ترمذی نے مزید کہا کہ روس طالبان پر زور دیتا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔ انہوں نے روسی وزیر داخلہ کے حالیہ دورۂ پاکستان کو دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کی علامت قرار دیا اور کہا کہ فریقین کے مابین اختلافات نہیں ہیں۔

پاکستانی سفیر نے امید ظاہر کی کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن آئندہ سال شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب سابق پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کو بھارت یا افغانستان کے تناظر میں دیکھنے کے بجائے ایک خودمختار اور آزاد شراکت دار کے طور پر تسلیم کرنے کی ضرورت ہے۔