لاہورمیں شادی کی تقریب پر چھاپہ، کم عمر بچی کی رخصتی کی کوشش ناکام

پیٹرولنگ کے دوران 15 کے ذریعے اطلاع پر کارروائی

November 9, 2026 · کائنات کے رنگ
تصویر: سوشل میڈیا

تصویر: سوشل میڈیا

لاہور کے علاقے لیاقت آباد میں کم عمر بچی کی شادی کی تقریب پولیس نے رکوا دی۔ پولیس کے مطابق مقامی ہال میں شادی کی تقریب جاری تھی جہاں 13 سالہ بچی کی رخصتی کی جا رہی تھی۔

تھانہ لیاقت آباد کے پیٹرولنگ عملے کو 15 کے ذریعے اطلاع موصول ہوئی کہ کشمیری محلہ نالے کے قریب واقع مدینہ شادی ہال میں 13 سالہ کم سن بچی کی شادی کی تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔ اطلاع پر سب انسپکٹر نوید نے نفری کے ہمراہ فوری چھاپہ مارا تو ہال میں رخصتی کے مراحل جاری تھے اور اسٹیج پر 20 سالہ دلہا سبطِ الحسن 13 سالہ دلہن (ح) موجود تھی۔ پولیس کی جانب سے استفسار پر کم سن بچی نے روتے ہوئے بیان دیا کہ وہ کم عمر ہے اور یہ شادی زبردستی کرائی جا رہی ہے۔

​ابتدائی تفتیش اور دستاویزات کے مطابق قاری صادق نامی نکاح خواں نے 4 اکتوبر 2026 کو غیر قانونی طور پر کم سنی کا نکاح پڑھایا تھا، جس کی باقاعدہ رخصتی 8 نومبر کی رات رکھی گئی تھی۔

چھاپے کے دوران ہال میں بھگدڑ مچ گئی اور 8 سے 10 افراد نے ملزمان کو بھگانے کے لیے پولیس پارٹی پر مزاحمت و ہاتھا پائی کی۔پولیس نے دلہا کے والد فیاض علی ولد امتیاز علی کو موقع پر قابو کر لیا، جس کی جامہ تلاشی کے دوران جیب سے برآمد ہونے والا نکاح نامہ بھی تحویل میں لے لیا گیا۔ دولہا سبطِ الحسن، دلہن کا والد سبطین، چچا وقاص علی، تایا اشرف علی، چچا ریاست علی اور ماموں مشتاق مزاحمت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جنہیں بعد میں پولیس نے پکڑلیا۔

​تھانہ لیاقت آباد پولیس نے اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد امین کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 2533/26 درج کر کے تفتیش انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دی ہے۔ مقدمے میں ت پ 186 اور پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ آرڈیننس 2026 کی دفعات 3، 4 اور 7 شامل کی گئی ہیں۔