معروف اداکارہ میرا کی چھوٹی بہن شائستہ عباس لندن میں کینسر کے باعث انتقال کر گئیں
میرا کو بہن کی عیادت کے لیے برطانوی ویزا نہ مل سکا، شوبز شخصیات کی گہرے دکھ کا اظہار
معروف اداکارہ میرا کی چھوٹی بہن شائستہ عباس لندن میں کینسر کے باعث انتقال کر گئیں
پاکستان کی معروف اداکارہ میرا کی چھوٹی بہن شائستہ عباس برطانیہ میں کینسر سے طویل جنگ لڑنے کے بعد لندن کے اسپتال میں انتقال کر گئیں۔ ان کے انتقال کی خبر میاں شہباز احمد نے شیئر کی، جبکہ نیویارک سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ میرا نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔
شائستہ گزشتہ تقریباً 3 سال سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھیں اور برطانیہ میں زیرِ علاج تھیں۔ وہ پیشے کے اعتبار سے وکیل تھیں جبکہ وہ اداکاری کے شعبے سے بھی وابستہ رہ چکی تھیں اور انہوں نے ایک نجی ٹی وی کے ڈرامے ’سیپ‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ مرحومہ سوگواران میں ایک کمسن بچہ چھوڑ گئی ہیں۔
اداکارہ میرا نے افسوس کا اظہار کیا کہ بہن کی بگڑتی ہوئی صحت کے پیشِ نظر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر درخواستوں سمیت متعدد بار اپیل کرنے کے باوجود برطانوی ہائی کمیشن نے انہیں ویزا جاری نہیں کیا، جس کے باعث وہ آخری وقت میں اپنی بہن کے پاس موجود نہ رہ سکیں۔ رپورٹس کے مطابق شائستہ کی والدہ شفقت بیگم آخری ایام میں ان کے ساتھ موجود تھیں جبکہ یورپ میں مقیم ان کی ایک اور بہن اقصیٰ عباس نے بھی تصدیق کی کہ وہ گزشتہ چند ماہ سے اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔
شائستہ عباس کے انتقال پر شوبز شخصیات اور مداحوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق شائستہ عباس کی تدفین لندن میں کی جائے گی جبکہ اداکارہ میرا نے اپنی مرحومہ بہن کی کمسن بیٹی کو گود لینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔