امریکی وزیرِ دفاع ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی تحریک ، ایوانِ نمائندگان میں آج ووٹنگ متوقع
ہیگسیتھ کے خلاف آٹھ نکات پر مشتمل مواخذے کی قرارداد پیش کی ہے، جس میں ایران پر جنگ، یمن میں حملے، شہری ہلاکتوں کی روک تھام سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی اور دیگر الزامات شامل ہین، تھامس میسی
فائل فوٹو
واشنگٹن: امریکہ میں ایران کے خلاف جنگ کے معاملے پر سیاسی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو ان کی اپنی جماعت کے رکن تھامس میسی کی جانب سے مواخذے کی کوشش کا سامنا ہے۔
میسی کا مؤقف ہے کہ ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے اور جاری رکھنے کے لیے کانگریس کی منظوری نہیں لی گئی، جس سے آئینی حدود کی خلاف ورزی ہوئی۔ انھوں نے ہیگسیتھ کے خلاف آٹھ نکات پر مشتمل مواخذے کی قرارداد پیش کی ہے، جس میں ایران پر جنگ، یمن میں حملے، شہری ہلاکتوں کی روک تھام سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی اور دیگر الزامات شامل ہیں۔
دوسری جانب ہیگسیتھ نے پینٹاگون میں چھ ماہ بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس میں ان الزامات کو سختی سے مسترد کیا۔ انھوں نے مواخذے کی کوشش کو ’تماشا‘، ’مذاق‘ اور ’تخریب کاری‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی تمام فوجی کارروائیاں قانونی تھیں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات کے تحت کی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف کارروائی امریکہ کے تحفظ کے لیے ضروری تھی اور اس سے ایرانی فوجی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
صدر ٹرمپ بھی کھل کر اپنے وزیرِ دفاع کے ساتھ کھڑے نظر آئے۔ انھوں نے ہیگسیتھ کی کارکردگی کو ’اے پلس‘ قرار دیا اور تھامس میسی کو ’ناکام‘ سیاست دان کہا۔ امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے بھی ہیگسیتھ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ صدر بطور کمانڈر اِن چیف ایسے فیصلے کرنے کا اختیار رکھتے ہیں اور ایران طویل عرصے سے امریکہ کے لیے خطرہ رہا ہے۔
ہیگسیتھ قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں ، تھامس میسی کا الزام
امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی قرارداد پیش کرنے والے ریپبلکن رکنِ کانگریس تھامس میسی نے سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ امریکی قانون کے تحت اگر کانگریس فوجی کارروائی کی منظوری نہ دے تو فوج کو 60 دن کے اندر کارروائیاں ختم کرنا ہوتی ہیں، جبکہ ایران کے خلاف جنگ کو شروع ہوئے اب 256 دن گزر چکے ہیں۔
میسی نے لکھا کہ ہیگسیتھ قانون توڑ رہے ہیں۔ اس میں بحث کی کوئی گنجائش نہیں۔
قانونی پس منظر: 1973 کے وار پاورز ریزولوشن کے تحت صدرِ امریکہ کو کسی فوجی کارروائی کے 48 گھنٹوں کے اندر کانگریس کو آگاہ کرنا ہوتا ہے۔ اگر کارروائی جاری رکھنا مقصود ہو تو کانگریس کو 60 دن کے اندر اتھارائزیشن فار یوز آف ملٹری فورس (AUMF) منظور کرنا ہوتی ہے، ورنہ فوجی کارروائی ختم کی جانی چاہیے۔
میسی اور ان کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کے معاملے میں ان تقاضوں کی پاسداری نہیں کی گئی، جس کی بنیاد پر وہ وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کے مواخذے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
مواخذے کی کوششیں ’تماشا‘ اور ’سیاسی ڈرامہ‘ ہیں ، امریکی وزیرِ دفاع
امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے اپنے خلاف مواخذے کی کوششوں کو ’تماشا‘ اور ’سیاسی ڈرامہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات دراصل تخریب کاری ہیں اور اس سے امریکہ کے مخالفین کو ’پروپیگنڈا میں کامیابی‘ ملے گی۔
معاملہ شروع کیسے ہوا؟ ریپبلکن رکنِ کانگریس تھامس میسی نے ہیگستھ کے مواخذے کی تحریک پیش کی۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی وسط مدتی انتخابات میں خراب کارکردگی کی بڑی وجوہات میں سے ایک رہی ہے۔
مواخذے کی کارروائی آگے بڑھ رہی ہے: میسی نے پیر کو باضابطہ طور پر مواخذے کی قرارداد پیش کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ہیگسیتھ نے کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران کے خلاف جنگی کارروائی شروع کر کے قانون کی خلاف ورزی کی۔
ہیگسیتھ کا دفاع: وزیرِ دفاع نے میسی کو شکست خوردہ اور ناراض رکنِ کانگریس قرار دیتے ہوئے کہا کہ وینزویلا اور ایران میں امریکی فوجی کارروائیاں درست اور قانونی تھیں۔
یہ تمام کارروائیاں کمانڈر اِن چیف کے حکم پر کی گئیں، پھر میری جانب سے ان پر عملدرآمد کا حکم دیا گیا، کانگریس کو مطلع کیا گیا اور امریکی فوجیوں نے انھیں انجام دیا۔