پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ لاہور سے راولپنڈی منتقل

میچ کی تاریخوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، یہ اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق 17 سے 21 نومبر 2026 تک ہی کھیلا جائے گا

November 10, 2026 · اسپورٹس
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ لاہور میں سموگ کی بڑھتی ہوئی شدت اور خراب موسم کے باعث باقاعدہ طور پر راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ لاہور میں اسموگ کی بڑھتی ہوئی شدت، ابتر فضائی معیار اور خراب موسم کے پیشِ نظر کھلاڑیوں اور شائقین کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

اب یہ میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور کی بجائے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

میچ کی تاریخوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، یہ اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق 17 سے 21 نومبر 2026 تک ہی کھیلا جائے گا۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بھی راولپنڈی ہی میں جاری ہے، جس کا مطلب ہے کہ اب اس دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دونوں میچز راولپنڈی ہی کی میزبانی میں کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ چند ہفتوں سے فضائی آلودگی اور اسموگ کا بحران انتہائی سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے جس کے باعث آؤٹ ڈور کھیلوں کی سرگرمیوں کو جاری رکھنا ممکن نہیں رہا تھا۔