معاشی استحکام کے بعد پاکستان کو حقیقی معاشی ترقی پر توجہ دینا ہوگی،ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک

پاکستان کا بینکاری شعبہ گزشتہ پانچ برس میں نمایاں ترقی کرچکا ہے، تاہم زراعت سمیت کئی اہم شعبے اب بھی ڈھائی فیصد سے زیادہ ترقی حاصل نہیں کر پا رہے۔

November 11, 2026 · قومی
معاشی استحکام کے بعد پاکستان کو حقیقی معاشی ترقی پر توجہ دینا ہوگی،ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک

معاشی استحکام کے بعد پاکستان کو حقیقی معاشی ترقی پر توجہ دینا ہوگی،ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک

اسلام آباد: اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر سلیم اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی استحکام کے بعد اب حقیقی معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ گزشتہ چار برس کے دوران ملک کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی اوسط شرح نمو محض 2.1 فیصد رہی۔

ایک بیان میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کے حصول کے لیے کم شرح نمو اور بے روزگاری کی صورت میں بھاری قیمت ادا کرنا پڑی۔ پاکستان کا بینکاری شعبہ گزشتہ پانچ برس میں نمایاں ترقی کرچکا ہے، تاہم زراعت سمیت کئی اہم شعبے اب بھی ڈھائی فیصد سے زیادہ ترقی حاصل نہیں کر پا رہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں تقریباً 29 لاکھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو بینکوں سے قرضوں کی سہولت دستیاب نہیں۔ ان کاروباروں اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے خصوصی توجہ اور نئی حکمت عملی مرتب کرنا ضروری ہے۔

سلیم اللہ کے مطابق کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اسی وقت ممکن ہے جب صارفین کی قوت خرید بہتر ہو۔ بینکوں کو منافع کمانے کے ساتھ صارفین کے مفادات کا بھی خیال رکھنا چاہیے اور روایتی کرنٹ اکاؤنٹس سے آگے بڑھ کر ایسی نئی بینکاری سہولیات متعارف کرانی چاہئیں جو عوام کے لیے حقیقی فائدے کا باعث بنیں۔

ڈپٹی گورنر نے مزید کہا کہ رواں مالی سال کے اختتام تک بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات زر 45 ارب ڈالر تک پہنچنے کا تخمینہ ہے۔ ان رقوم کو بہتر انداز میں استعمال کرنے کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کے مزید مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے مناسب مواقع نہ ہونے کے باعث ترسیلات زر دیگر شعبوں میں استعمال ہوتی ہیں، تاہم جدید ٹیکنالوجی کے متعدد پلیٹ فارمز بینکاری شعبے کی ترقی کے لیے نئی امید پیدا کر رہے ہیں۔