سعودی عرب پر حوثیوں کے نئے میزائل اور ڈرون حملے، ملبہ مکہ مکرمہ کے قریب جاگرا

ریاض، ینبع اور مشرقی صوبے کو نشانہ بنانے کی کوششیں جی سیون ممالک کا ایران سے حوثیوں کو ہتھیاروں کی فراہمی فوری بند کرنے کا مطالبہ

November 12, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
سعودی عرب کی اہم تیل پائپ لائن پر حملہ، مدینہ منورہ میں آگ بھڑک اٹھی

سعودی عرب کی اہم تیل پائپ لائن پر حملہ، مدینہ منورہ میں آگ بھڑک اٹھی

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے، جہاں گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے مختلف شہروں پر داغے گئے متعدد میزائلوں اور ڈرونز کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔

سعودی سول ڈیفنس کے مطابق جمعرات کی صبح مکہ مکرمہ ریجن کے گاؤں صبوحہ میں فضا میں تباہ کیے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کا ملبہ گرا، تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ اس سے قبل سعودی فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت ریاض کی جانب داغے گئے تین کروز میزائلوں اور مشرقی صوبے، مغربی علاقوں اور جنوبی محاذ پر بھیجے گئے متعدد ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔ خطرے کے پیش نظر طائف، ینبع اور خمیس مشیط میں وارننگ سائرن بھی بجائے گئے جنہیں بعد ازاں کلیئر قرار دے دیا گیا۔

دوسری جانب حوثی گروپ نے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ینبع میں تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔

ادھر یمن کے جنوبی شہر عدن میں بھی دو زوردار دھماکے سنے گئے ہیں جبکہ سعودی حمایت یافتہ یمنی افواج نے جوابی کارروائیوں میں تیزی لانے کا اعلان کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق حالیہ جھڑپوں کے باعث یمن میں اب تک تقریباً تین لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

عالمی سطح پر بھی اس صورتحال پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ پیرس میں جی سیون (G7) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں سعودی عرب پر حملوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ عالمی طاقتوں نے سعودی عرب کے حقِ دفاع کی مکمل حمایت کرتے ہوئے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حوثیوں کو اسلحے کی فراہمی فوری بند کرے اور خطے میں کشیدگی نہ بڑھائے۔