کینٹ جنرل ہسپتال پشاور میں ذیابیطس کے لیے فری میڈیکل کیمپ اور آگاہی واک
ماہر ڈاکٹرزنے مریضوں کا طبی معائنہ کیااور مشورے دیئے
کینٹ جنرل ہسپتال پشاور میں ذیابیطس کے لیے فری میڈیکل کیمپ اور آگاہی واک
کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کے زیرِ انتظام کینٹ جنرل ہسپتال (CGH) میں ذیابیطس کے فری میڈیکل کیمپ اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ کا انعقاد میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کینٹ جنرل ہسپتال، محترمہ فوزیہ بانو کی نگرانی میں ہوا،۔125مریضوں نے شرکت کی اور مفت طبی سہولیات سے استفادہ کیا۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر کنٹونمنٹ بورڈ پشاور، چوہدری بابر حسین نے میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ اور طبی عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی اور بیماریوں کی بروقت تشخیص کی اہمیت پر زور دیا۔
میڈیکل کیمپ میں کینٹ جنرل ہسپتال کے ماہر ڈاکٹرز، ڈاکٹر فہد جاوید اور ڈاکٹر حامد نور نے مریضوں کا طبی معائنہ کیا اور انہیں ذیابیطس سمیت دیگر امراض کے حوالے سے طبی مشورے فراہم کیے۔ کیمپ کے دوران مریضوں کے بلڈ شوگر، خون کے مختلف ٹیسٹ اور بلڈ پریشر سمیت دیگر ضروری طبی ٹیسٹ مفت کیے گئے، جبکہ مستحق مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر طبی ماہرین نے شرکاء کو ذیابیطس کی علامات، وجوہات، ممکنہ پیچیدگیوں، بروقت تشخیص اور علاج کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ مریضوں کو متوازن غذا کے استعمال، باقاعدہ ورزش، روزانہ چہل قدمی، وزن کو کنٹرول میں رکھنے اور باقاعدگی سے بلڈ شوگر چیک کروانے کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا، جس کا مقصد عوام میں ذیابیطس کے مرض سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور اس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ترغیب دینا تھا۔