پنجاب کی ترقی سے بعض لوگوں کو خوف لاحق ہے، عظمیٰ بخاری
جادو ٹونے سے نہ حکومتیں چلتی ہیں اور نہ ہی جھوٹے پروپیگنڈے سے حکومتیں گرائی جاسکتی ہیں۔
پنجاب کی ترقی سے بعض لوگوں کو خوف لاحق ہے، عظمیٰ بخاری
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں ترقیاتی کاموں اور بہتر طرز حکمرانی کے باعث بعض سیاسی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے گڈ گورننس، شفافیت اور میرٹ کو پنجاب کی حکومتی پالیسی کا حصہ بنایا ہے اور صوبے کا انتظامی ماڈل دیگر صوبوں کے لیے مثال بن رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مریم نواز نے دو سال کے دوران پنجاب میں ایسے اقدامات کیے ہیں جو ملکی تاریخ میں پہلے نہیں کیے گئے۔ ان کے مطابق مریم نواز کو صوبے کے عوام کی حمایت حاصل ہے اور جھوٹے بیانیے، پروپیگنڈے یا سیاسی دباؤ سے حکومتیں ختم نہیں کی جاسکتیں۔
عظمیٰ بخاری نے مخالف سیاسی حلقوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض سیاسی افراد نئے ٹھکانے تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بنا کر کچھ لوگ خود کو سیاسی طور پر نمایاں کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ جادو ٹونے سے نہ حکومتیں چلتی ہیں اور نہ ہی جھوٹے پروپیگنڈے سے حکومتیں گرائی جاسکتی ہیں۔