پاکستان میں سردی دیر سے آرہی ہے مگر غیر معمولی شدت دکھائے گی
سپر ایل نینو اور پولر ورٹیکس کا خطرناک ملاپ
دیر بالا اور دیر لوئر میں بارش، پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری
بحرالکاہل کی تپش اور قطبِ شمالی کی برفیلی ہواؤں کے ٹکراؤ سے پاکستان میں بارشوں کی کمی، شدید سموگ اور اچانک جان لیوا سردی کی لہروں کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا ہے۔
اس سال دنیا بھر کے ماہرینِ موسمیات ایک ایسے غیر معمولی اور نایاب موسمیاتی ٹکراؤ کا مشاہدہ کر رہے ہیں جو تاریخ میں بہت کم دیکھنے کو ملا ہے۔ ایک طرف بحرالکاہل میں ریکارڈ توڑ “سپر ایل نینو” (Super El Niño) سرگرم ہے، تو دوسری طرف قطبِ شمالی کی برفیلی ہواؤں کا گھیرا یعنی “پولر ورٹیکس” (Polar Vortex) وقت سے پہلے کمزور ہو کر ٹوٹ چکا ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق ان دو بڑی طاقتوں کے باہمی عمل سے پاکستان سمیت خطے بھر میں موسمِ سرما کا روایتی انداز مکمل طور پر بدلنے جا رہا ہے۔
اس غیر متوقع صورتحال کے باعث پاکستان میں سردی کی باقاعدہ آمد میں تاخیر تو ہو سکتی ہے، لیکن جب سردی آئے گی تو وہ غیر معمولی شدت اختیار کرے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شہریوں اور متعلقہ اداروں کو اس بار یکساں موسم کے بجائے شدید اتار چڑھاؤ، طویل خشک سالی اور اچانک برفیلی ہواؤں کے جھکڑوں کے لیے ذہنی اور عملی طور پر تیار رہنا ہوگا۔
“سپر ایل نینو” اور “پولر ورٹیکس” کا ٹکراؤ کیا ہے؟
بین الاقوامی موسمیاتی نشریاتی ادارے اسکرپس نیوز (Scripps News) کی ایک تفصیلی رپورٹ کے مطابق، خطِ استوا کے قریب بحرالکاہل کے پانی کا درجہ حرارت معمول سے 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ چکا ہے، جسے ماہرین “سپر ایل نینو” قرار دے رہے ہیں۔ عام طور پر ایل نینو کا اثر دنیا کے بیشتر حصوں میں موسمِ سرما کو معتدل یا قدرے گرم رکھتا ہے، جس سے سردیوں کا دورانیہ سمٹ جاتا ہے۔
تاہم، اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ اس بار ایل نینو سے اٹھنے والی شدید توانائی کی لہروں نے زمین کی بالائی فضا میں موجود “پولر ورٹیکس” کو قبل از وقت غیر مستحکم کر دیا ہے۔
پولر ورٹیکس دراصل قطبِ شمالی کے گرد گھومنے والی انتہائی سرد ہواؤں کا ایک مضبوط حلقہ ہے جو برفیلی ہوا کو قطب تک محدود رکھتا ہے اور اسے نیچے کی طرف پھیلنے سے روکتا ہے۔
اس حفاظتی حلقے کے وقت سے پہلے ٹوٹنے اور کمزور ہونے کے باعث شدید سرد قطبی ہوائیں جنوب کی طرف یعنی وسطی عرض بلد کے ممالک کی جانب رخ کر رہی ہیں۔
اس صورتحال نے عالمی موسم کی پیش گوئی کو ایک سخت “رسہ کشی” میں بدل دیا ہے، جہاں ایک طرف ایل نینو کی گرمی ہے اور دوسری طرف پولر ورٹیکس کی اچانک یخ بستہ لہریں، جو کسی بھی وقت موسم کا پانسہ پلٹ سکتی ہیں۔
پاکستان کے موسم اور سموگ پر اثرات
پاکستان کے موسمیاتی اداروں کی رپورٹس اس عالمی تبدیلی کے مقامی اثرات کی واضح نشاندہی کر رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات پاکستان (PMD) کی نومبر تا جنوری 2026-27 کی موسمی پیش گوئی کے مطابق، ایل نینو کے غالب اثرات کے باعث اس سیزن میں ملک کے بیشتر حصوں میں دن کے اوقات کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ نومبر اور دسمبر کے اوائل میں شہریوں کو روایتی سردی کی شدت کم محسوس ہو گی۔
تصویر کا دوسرا رخ زیادہ تشویشناک ہے، کیونکہ پولر ورٹیکس کی کمزوری مغربی ہواؤں کے سلسلوں (Western Disturbances) کو بری طرح متاثر کرے گی۔ اس کے نتیجے میں دسمبر کے آخر اور جنوری کے دوران اچانک اور مختصر مگر انتہائی شدید سردی کی لہریں (Cold Spells) آ سکتی ہیں جو درجہ حرارت کو یکدم نقطہ انجماد کے قریب گرا دیں گی۔ اس اچانک تبدیلی سے نزلہ، زکام، نمونیا اور دل کے امراض میں اضافے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب اسپیس فار کلائمیٹ پاکستان (Space for Climate Pakistan) کے تجزیات بتاتے ہیں کہ ایل نینو کے سالوں میں پاکستان میں موسمِ سرما کی بارشیں معمول کے مطابق یا اس سے کافی کم رہتی ہیں۔ بارشوں کی کمی اور ہواؤں کی رفتار سست رہنے کے باعث پنجاب اور وسطی پاکستان کے میدانی علاقوں میں شدید سموگ اور گہری دھند بننے کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔ دسمبر اور جنوری میں حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے سے شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے جبکہ فضائی آلودگی سانس کی بیماریوں کو مزید سنگین بنا سکتی ہے۔
زراعت، آبی ذخائر اور احتیاطی تدابیر
موسم کا یہ غیر متوقع اتار چڑھاؤ ملک کے زرعی شعبے اور آبی ذخائر کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی بجا رہا ہے۔ بارشوں کی کمی سے بارانی علاقوں میں گندم اور دیگر ربیع کی فصلوں کو آبپاشی کے شدید مسائل درپیش ہو سکتے ہیں۔ جنوری میں اچانک پڑنے والا کورا (Frost) سبزیوں اور باغات کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری تو ہو گی، مگر مجموعی کم بارشوں کے باعث پہاڑوں پر جمنے والی برف کا ذخیرہ معمول سے کم رہنے کا اندیشہ ہے، جو اگلے موسمِ گرما میں دریاؤں کے بہاؤ کو متاثر کر سکتا ہے۔
موسم کی اس غیر معمولی تبدیلی کے پیشِ نظر ماہرین نے شہریوں اور کسانوں کو پیشگی تیاری کی ہدایت کی ہے۔
شہریوں کو چاہیے کہ وہ سموگ اور دھند کے دنوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، باہر نکلتے وقت معیاری ماسک کا باقاعدہ استعمال کریں اور دسمبر کی مصنوعی گرمی سے دھوکہ کھانے کے بجائے گرم ملبوسات تیار رکھیں۔
اسی طرح کسانوںکے لیے ضروری ہے کہ وہ محکمہ موسمیات کی تازہ ایڈوائزری پر مسلسل نظر رکھیں۔ بارشوں کی متوقع کمی کے پیشِ نظر دستیاب پانی کا نہایت دانشمندانہ استعمال کیا جائے اور فصلوں کو اچانک آنے والی سردی کی لہر اور کورے کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے بروقت حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔