ایف بی آر افسران کی اہلیت کا امتحان، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں شدید کمزوریاں بے نقاب
ٹریننگ رپورٹ جاری، کراچی کے افسران معیار پر پورا نہ اترے، اصلاحات کی سفارش
ایف بی آر افسران کی اہلیت کا امتحان، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں شدید کمزوریاں بے نقاب
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے اِن لینڈ ریونیو ونگ میں سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس افسران کی پیشہ ورانہ اہلیت جانچنے کے لیے لیے گئے امتحانات کے نتائج میں تشویش ناک کمزوریاں سامنے آئی ہیں۔ تربیتی جائزہ رپورٹ کے مطابق کراچی میں تعینات گریڈ 17 سے 19 تک کے متعدد افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں مطلوبہ معیار پر پوری نہیں اتریں۔ چیئرمین ایف بی آر کی ہدایت پر لیے گئے ان اوپن بک امتحانات میں سیلز ٹیکس کے 150 اور انکم ٹیکس کے 143 افسران نے حصہ لیا۔
رپورٹ کے مطابق سیلز ٹیکس کے امتحان میں کوئی بھی افسر قابلِ قبول قرار دی گئی 60 فیصد نمبروں کی حد تک نہیں پہنچ سکا، جبکہ انکم ٹیکس میں صرف 4 افسران نے 60 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کیے۔ سیلز ٹیکس میں افسران کا اوسط اسکور 26.4 فیصد رہا، جبکہ انکم ٹیکس میں کامیابی کا تناسب 33.3 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ سیلز ٹیکس کے 47 اور انکم ٹیکس کے 16 افسران 20 فیصد سے بھی کم نمبر حاصل کرسکے۔
فیصلے جاری کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لیا جائے تو سیلز ٹیکس کے 150 افسران میں سے صرف 15 اپنے دستخط سے فیصلہ جاری کرنے کے معیار پر پورے اترے، جبکہ انکم ٹیکس کے 143 افسران میں سے صرف 14 درست فیصلہ کرنے کی اہلیت رکھتے تھے۔ رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی بھی کی گئی ہے کہ افسران کا اعلیٰ گریڈ بہتر پیشہ ورانہ صلاحیت کی ضمانت ثابت نہیں ہوا۔ افسران عموماً غلطی کی نشاندہی تو کردیتے ہیں تاہم اس کی قانونی وجوہ واضح کرنے میں کمزور رہتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دونوں امتحانات میں شریک 14 افسران کو مکمل دوبارہ تربیت کے بغیر کسی بھی ٹیکس کا کیس دینے کے قابل نہیں سمجھا گیا۔ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ افسران کو فیصلہ سازی اور قانونی وجوہ کی بنیاد پر احکامات تحریر کرنے کی تربیت دی جائے۔