افغان طالبان حکومت کا قندھار میں ریڈیو پر کرکٹ مواد نشر کرنے پر پابندی کا فیصلہ
اہم اقدام، نشریات پر قدغن لگادی گئی، وجوہات تاحال نامعلوم ہیں۔
افغان طالبان حکومت کی جانب سے قندھار میں ریڈیو پر کرکٹ مواد کی نشریات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
افغانستان کے صوبے قندھار میں طالبان حکومت کے حکام نے ریڈیو اسٹیشنز کو کرکٹ سے متعلق کسی بھی قسم کا مواد نشر کرنے سے روک دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قندھار کے 2 ریڈیو اسٹیشنز کے عہدیداروں اور صوبائی ذرائع نے اس پابندی کی تصدیق کی ہے۔
ذرائع کے مطابق قندھار طالبان رہنما ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کا آبائی شہر ہے۔ محکمہ اطلاعات و ثقافت نے ریڈیو اسٹیشنز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اب کرکٹ سے متعلق کوئی مواد نشر نہیں کر سکتے۔ حکام کے مطابق اس پابندی میں صرف میچوں کی کمنٹری ہی نہیں بلکہ کرکٹ کی خبریں اور میچوں میں کامیابی سے متعلق رپورٹس نشر کرنے پر بھی مکمل قدغن لگائی گئی ہے۔
ایک مقامی ریڈیو اسٹیشن کے سربراہ نے تصدیق کی ہے کہ انھیں محکمہ اطلاعات و ثقافت کی جانب سے ٹیلی فون پر واضح کیا گیا کہ وہ اب ریڈیو پر کرکٹ کی کوریج نہیں کر سکتے۔ دریں اثنا، افغانستان کرکٹ بورڈ نے اس فیصلے پر تبصرے کی درخواست پر فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔
واضح رہے کہ طالبان حکومت اس سے قبل کرکٹ کی حمایت کرتی رہی ہے اور اقتدار میں واپسی کی سالگرہ کی تقریبات کے دوران کرکٹ میچز بھی منعقد کروا چکی ہے۔ طالبان حکام ملک میں مکسڈ مارشل آرٹس سمیت بعض کھیلوں پر پہلے ہی پابندیاں عائد کر چکے ہیں، تاہم مردوں اور لڑکوں کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت حاصل ہے۔ دوسری جانب خواتین اور لڑکیوں کے جم جانے اور عمومی طور پر کھیلوں میں حصہ لینے پر سخت پابندیاں عائد ہیں۔