امریکا میں سکھ علیحدگی پسند رہنما کے قتل کی سازش، بھارتی شہری کو 19 سال سے زائد قید کی سزا

قید کی مدت پوری ہونے کے بعد نکھل گپتا کو ممکنہ طور پر امریکا سے ملک بدر کر دیا جائے گا ،جج کا حکم

November 20, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

نیویارک: امریکا کی ایک وفاقی عدالت نے امریکی سرزمین پر مقیم معروف سکھ علیحدگی پسند رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی ناکام سازش کے جرم میں بھارتی شہری نکھل گپتا کو 235 ماہ (19 سال اور 7 ماہ) قید کی سزا سنا دی ہے۔

جمعہ کے روز مین ہٹن کی ایک عدالت میں سماعت کے دوران جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ قید کی مدت پوری ہونے کے بعد نکھل گپتا کو ممکنہ طور پر امریکا سے ملک بدر کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل رواں برس فروری میں نکھل گپتا نے کرائے کے قاتل کے ذریعے قتل (مرڈر فار ہائر)، قتل کی سازش اور منی لانڈرنگ کی سازش جیسے سنگین الزامات کا اعتراف کر لیا تھا۔

امریکی استغاثہ کے مطابق مئی 2023 میں بھارتی انٹیلی جنس افسر وکاش یادیو نے نکھل گپتا کو خالصتان تحریک کے اہم رہنما اور امریکی شہری گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کا ٹاسک سونپا تھا۔ وکاش یادیو نے مبینہ طور پر گپتا کو پنوں کے نیویارک میں رہائشی پتے اور ان کی روزمرہ سرگرمیوں سمیت ذاتی معلومات فراہم کیں۔

استغاثہ کا کہنا ہے کہ اپنے ہینڈلر کی ہدایت پر گپتا نے قتل کی واردات میں مدد کے لیے ایک شخص سے رابطہ کیا، جو درحقیقت امریکی حکومت کا مخبر نکلا۔ اس مخبر نے گپتا کا رابطہ ایک مبینہ “کرائے کے قاتل” سے کروایا، جو اصل میں امریکی انسدادِ منشیات ادارے (ڈی ای اے) کا ایک خفیہ اہلکار تھا۔

نکھل گپتا کو جون 2023 میں جمہوریہ چیک کے دارالحکومت پراگ کے ہوائی اڈے سے گرفتار کیا گیا تھا اور بعد ازاں امریکا کے حوالے کر دیا گیا، جہاں وہ سزا سنائے جانے تک نیویارک کی ایک جیل میں قید تھے۔

بھارتی حکومت نے اس سازش میں کسی بھی قسم کے سرکاری عمل دخل کی تردید کی ہے۔ بھارت خالصتان تحریک کا سخت مخالف ہے اور اس نے گرپتونت سنگھ پنوں کو دہشت گرد قرار دے رکھا ہے تاہم پنوں ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔

سزا کے اعلان سے قبل پنوں نے برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نکھل گپتا کا اعترافِ جرم اس بات کی عدالتی تصدیق ہے کہ بھارت کی مودی حکومت نے امریکی سرزمین پر قتل کی ایک باقاعدہ سازش تیار کی تھی۔

سابق امریکی اٹارنی جے کلیٹن نے گپتا کے اعترافِ جرم کے موقع پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ ملزم کا خیال تھا کہ وہ امریکا سے باہر بیٹھ کر محض آزادیِ اظہارِ رائے کا حق استعمال کرنے والے کسی شخص کو امریکی سرزمین پر قتل کروا کر بچ نکلے گا۔

عدالتی فیصلے پر سکھ علیحدگی پسند حلقوں کی جانب سے اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے شہر سرے میں مقتول سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے جانشین اور گردوارے کے سربراہ نریندر سنگھ رندھاوا نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ سزا بھارتی حکومت کے مبینہ مظالم کے خلاف “انصاف کی پہلی جھلک” ہے۔

اسی طرح اونٹاریو میں مقیم سکھ رہنما اندر جیت گوسل نے اس سزا کو سکھ برادری کے لیے ایک بڑا واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری برادری نے بالآخر کسی کو رنگے ہاتھوں پکڑے جاتے اور سزا پاتے دیکھ لیا ہے۔