کانگریس کے رہنما ڈگ وجے سنگھ(فائل فوٹو)
کانگریس کے رہنما ڈگ وجے سنگھ(فائل فوٹو)

کانگریسی رہنما نے پلوامہ واقعے کو ’’حادثہ‘‘ قرار دے دیا

بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سیئنر رہنما ڈگ وجے سنگھ نے پلوامہ میں 14 فروری کو بھارتی فورسز پر ہونے والے حملے کو ’حادثہ‘ قرار دے دیا ہے اور مودی حکومت پر مزید سوالات اٹھائے ہیں۔

منگل کے روز متعدد ٹوئیٹس میں ڈگ وجے سنگھ نے لکھا کہ ’’پلوامہ حادثے‘‘ کے بعد بھارتی فضائیہ کے حملے پر غیرملکی میڈیا نے شکوک و شبہات ظاہر کیے ہیں جس نے ہماری حکومت انڈیا کی ساکھ پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

ڈگ وجے نے مزید کہا کہ مسٹر وزیراعظم آپ کی حکومت کے کچھ وزرا کہتے ہیں کہ 300 دہشت گرد مارے گئے تھے، بی جے پی کے صدر کہتے ہیں 250 مارے گئے، یوگی ادیتا(یوپی کے وزیراعلیٰ) کہتے ہیں 400 مارے گئے اور آپ کے وزیر ایس ایس آلووالیا کا کہنا ہے کہ کوئی بھی نہیں مرا۔ اور آپ اس معاملے پر خاموش ہیں۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ جھوٹا کون ہے۔

ڈگ جے سنگھ کے اس بیان پر حکومت مشتعل ہوگئی۔ مرکزی وزیر وی کے سنگھ نے کہا کہ ڈگ وجے سنگھ جی کیا راجیو گاندھی کا قتل ’’حادثہ‘‘ تھا یا دہشت گردی؟

ایک روز پہلے کانگریس کے ایک اور رہنما کپل سبل نے بھی کہا تھا کہ بین الاقوامی میڈیا کا کہنا ہے کہ بالاکوٹ میں کسی عسکریت پسند کی ہلاکت کا ثبوت نہیں ہے۔