ایشیا کپ : آج پاکستان اور افغانستان مدمقابل ہونگے

دبئی: ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں بھارتی برج الٹنے کے بعد پاکستان ٹیم کا اگلا امتحان آج افغانستان سے شارجہ میں میچ کے دوران ہوگا گرین شرٹس نے فاتحانہ رفتار برقرار رکھی تو فائنل کا ٹکٹ کٹوانے کا موقع ہاتھ آئےگا۔ ٹاپ آرڈر میں محمد رضوان تسلسل کے ساتھ پرفارم کررہے ہیں، ان کی فٹنس کے حوالے سے کچھ شکوک تھے، ٹیسٹ بھی کروائے گئے مگر پی سی بی کے مطابق وہ میچ کیلیے دستیاب ہیں۔

رضوان نے گذشتہ روز پریکٹس سیشن میں شرکت سے گریز کرتے ہوئے آرام کیا، ساتھی اوپنر بابر اعظم ابھی تک کوئی بڑی اننگز نہیں کھیل پائے ہیں، آؤٹ آف فارم کپتان پر توقعات کا بوجھ بڑھ گیا ہے جبکہ تیسری پوزیشن پر موجود فخرزمان کو بھی بڑی اننگز کھیلنا ہوگی۔

مڈل آرڈر میں خوشدل شاہ،آصف علی، افتخار احمد اور بھارت کو ناکوں چبوانے والے محمد نواز موجود ہیں،شاہنواز دھانی کی فٹنس میں بہتری آگئی مگر محمد حسنین کی جگہ ان کو شامل کرنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا جائے گا،نسیم شاہ بھارت سے میچ میں پٹائی برداشت کرنے کے بعد کم بیک کے ارادے باندھ رہے ہیں۔

دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ کا دبائو ہوتا ہے،ہم نے اس کو کم کیا ہے،پاور پلے میں زیادہ رنز بنے مگر بولنگ یونٹ نے اچھا کم بیک کیا،فخرزمان اور محمد رضوان کریز پر تھے تو حریف ٹیم کو تھوڑی پریشانی تھی،اسی لیے لیفٹ رائٹ کمبی نیشن آزمانے کا فیصلہ کیا۔