فاسٹ بولر محمد شامی کی ناراض بیوی حسین جہاں نے ہندستانی کرکٹر کے لیے ایک نئی مشکل کھڑی کر دی ہے ، انہوں نے گزشتہ روز اپنی فیس بک ٹائم لائن پر ایک تصویر پوسٹ کی اور لکھا کہ یہ شامی کا ڈرائیونگ لائسنس ہے جس میں ان کی تاریخِ پیدائش 1982 درج ہے۔ حسین جہاں کے مطابق محمد شامی نے انڈین کرکٹ بورڈاور کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کو دھوکے میں رکھا ہے۔انہوں نے اپنی اصل عمر چھپاتے ہوئے کرکٹ بورڈ اور ایسوسی ایشن کو جو معلومات فراہم کی ہیں ان میں اپنی تاریخ ِ پیدائش 1990 ظاہر کی ہے۔ اگرچہ حسین جہاں نے بعد میں یہ پوسٹ اپنی فیس بک ٹائم لائن سے ہٹا دی ہے تاہم اس سلسلے میں تحقیقات کی جارہی ہے اور محمد شامی کاغذات میں ہیراپھیری اور دھوکا دہی کے مرتکب پائے جاتے ہیں تو ان کے کرکٹ کیریئر کے لیے نئی مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔ محمد شامی پہلے ہی اپنی ناراض بیوی کی جانب سے غیرازدواجی تعلقات رکھنے ، گھریلو تشدد کا مرتکب ہونے اور میچ فکسنگ جیسے الزامات کے باعث خاصی مشکل میں ہیں۔حسین جہاں کی شکایت پر ان کے خلاف ایف آئی آربھی درج ہو چکی ہے۔