ٹیسٹ رینکنگ: انڈین ٹیسٹ ٹیم کو 10لاکھ ڈالر کا انعام

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی سالانہ رینکنگ اپ ڈیٹ میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھتے ہوئے انڈین ٹیسٹ ٹیم نہ صرف 10لاکھ ڈالر انعام کی حق دار بن گئی بلکہ اس نے پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے دوسرے نمبر کی ٹیم جنوبی افریقہ سے 13پوائنٹس کا فرق حاصل کرلیا اور اب اس کے125 جبکہ جنوبی افریقہ کے112پوائنٹس ہیں۔نیوزی لینڈ کی ٹیم کو2لاکھ ڈالرز ملیں گے جس نے 3اپریل کی کٹ آف ڈیٹ تک تیسری پوزیشن پر رہتے ہوئے خود کو اس انعام کا حق دار ثابت کیا۔ آئی سی سی کی جانب سے جنوبی افریقہ کی ٹیم کو5لاکھ ڈالر ملیں گے۔ بقیہ ٹیموں میں پاکستان بدستور ساتویں نمبر پر موجود ہے جبکہ بنگلہ دیش نے ایک درجہ ترقی کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو نویں نمبر پر دھکیل دیا جو اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ رینکنگ میں اتنی تنزلی سے دوچار ہوئی ہے۔انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آسٹریلیا تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے اور انگلینڈ 5ویں نمبر پر ہے۔ ان دونوں کے درمیان 4پوائنٹس کا فرق ہے۔ سری لنکا نے پاکستان کی طرح اپنی پوزیشن برقرار رکھی اور چھٹے نمبر پر براجمان ہے۔پاکستان ساتویں، بنگلہ دیش آٹھویں، ویسٹ انڈیز 9ویں اور زمبابوے10نمبر پر ہے۔ آئی سی سی کے مطابق آئندہ سالانہ اپ ڈیٹ میں افغانستان اور آئر لینڈ بھی شامل ہوں گے جنہیں ٹیسٹ ٹیموں کا درجہ ملنے کے مستقل ممبران کی حیثیت بھی حاصل ہو چکی ہے۔سالانہ اپ ڈیٹ میں انڈیا، آسٹریلیا، انگلینڈ ، بنگلہ دیش اور زمبابوے کے پوائنٹس میں اضافہ جبکہ جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ ، سری لنکا ،پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے پوائنٹس میں کمی ہوئی ہے۔