پٹنہ: بھارتی ریاست بہار میں حادثے کے بعد بس میں آگ لگ گئی جس سے 27 افراد زندہ جل گئے جبکہ متعدد افراد بری طرح جھلس گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مظفر پور سے نئی دلی جانے والی مسافر بس کو ریاست بہار کے علاقے کوٹوا میں اس وقت حادثہ پیش آیا جس بس ڈرائیور نے ایک گاڑی کو بچانے کی کوشش کی۔دوسری گاڑی کو بچانے کی کوشش میں مسافر بس بے قابو ہو کرگہری کھائی میں جا گری جس کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ہلاک افراد کی لاشیں مکمل طور پر جل چکی ہیں۔حادثے کے بعد صرف 4 افراد کو بچایا جاسکا ہے جو بری طرح جھلس چکے ہیں ۔ علاقے میں شدید بارش کے باعث امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے ۔حادثے میں ہلاکتوں کے باعث بہار میں سوگ کی فضا طاری ہے۔