وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے پروفیسرسمیت طلباء اوردیگر کشمیری نوجوانوں کی شہادت پردکھ اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے شہداء کی عظیم قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کیا اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا۔شہبازشریف نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی سے اساتذہ اورطلباء بھی محفوظ نہیں، بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیرمیں سفاکیت اوردرندگی کی تمام حدیں پارکرلی ہیں اوربھارت کو ظلم اورستم ڈھانے کا یہ کھیل بند کرنا ہوگا۔شہبازشریف نے کہا کہ کشمیری عوام کو جبر اوراستبداد کے ذریعے حق خود ارادیت کے بنیادی حق سے زیادہ دیر محروم نہیں رکھا جاسکتا، کشمیری عوام اپنے قیمتی لہوسے آزادی کی نئی تاریخ رقم کررہے ہیں، عالمی برادری کے سوئے ہوئے ضمیر کو بھی جاگنا پڑے گا جب کہ بھارت جان لے کہ تاریخ میں کہیں بھی ریاستی دہشت گردی کے ذریعے آزادی کی تحریکوں کونہیں دبایا جاسکا ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ کشمیری عوام کل بھی حق پرتھے اورآج بھی حق پرہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔